لیاری کراچی میں شہید رینجرز اہلکار کی نماز جنازہ ادا

March 14, 2018

کراچی کے علاقے لیاری میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے رینجرز اہل کار کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز سندھ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

گزشتہ رات دہشت گردوں کے حملے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آپریشن کیا تھا جس میں مقابلے کے دوران پانچ دہشت گرد مارے گئے تھے۔

سندھ رینجرز کے اہلکار جواد خان کی نماز جنازہ 61 ونگ عبداللہ شاہ غازی میں ادا کی گئی۔

وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال، کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل شاہد بیگ مرزا اور ڈی جی رینجرز میجر جنرل محمد سعید سمیت مختلف شخصیات نماز جنازہ میں شریک ہوئیں۔

لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں نے گزشتہ رات ذکری پاڑہ میں گشت کے دوران رینجرز کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی تھی جس سے جواد خان شہید جبکہ چار رینجرز اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

رینجرز کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشت گرد موقع پر ہلاک ہوا، جبکہ اس کے دیگر 4 ساتھی سرچ آپریشن کے دوران مقابلے میں مارے گئے۔

ہلاک دہشت گردوں میں چاکر علی، مہر علی، عامر علی عرف عامر پانڈے، عمیر علی اور عامر علی شامل ہیں۔

ملزمان کے قبضے سے چار کلاشنکوف، دستی بم، تین آوان بم، ایک نائن ایم ایم پستول اور میگزینز برآمد ہوئے تھے۔

شہید سپاہی جواد خان کی میت تدفین کیلئے آبائی علاقے لکی مروت روانہ کردی گئی ہے۔