آئی ایم ایف کے خدشات درست، ان کی ڈکٹیشن پر فیصلے نہیںکرینگے، مشیر خزانہ

March 17, 2018

اسلام آباد(خبر ایجنسی)وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ امور مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پاکستانی معیشت کے حوالے سے آئی ایم ایف کے خدشات درست ہیں اور ہو سکتا ہے کہ آئندہ برسوں میں پاکستان پر قرض بڑھ جائے تاہم انکی ڈکٹیشن پر فیصلےنہیں کرینگے، پاکستان اسٹیل میں ملازمین 10گنا زیادہ، نجکاری ہونا چاہیے، ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا فیصلہ آئندہ ہفتے ہوگا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مشیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اللہ کی مہربانی سے معیشت مثبت سمت میں جا رہی ہے اور مہنگائی کی شرح 4فیصد سے کم ہے، آئندہ مالی سال کا بجٹ 27اپریل کو پیش کر رہے ہیں، اس وقت اسٹیٹ بینک کے پاس ساڑھے 12ارب ڈالرز موجود ہیں جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر 12ارب 20کروڑ ڈالرز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا کرنٹ اکاونٹ خسارہ زیادہ ہے جبکہ سود کی ادائیگیاں 3ارب ڈالرز ہیں جو قوم پر بوجھ ہیں۔مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ معیشت کی بہتری کے لئے حکومت اصلاحات کرچکی ہے اور 2028اور 2030تک کے بیرونی قرضوں کی ادائیگیوں کی منصوبہ بندی کر چکے ہیں۔