کراچی،ڈیفنس سے منشیات فروش گروہ کا سرغنہ گرفتار

March 17, 2018

کراچی کے پوش ایریا ڈیفنس میں آئس نامی نشہ اور دیگر منشیات فروخت کرنے والے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس کے قبضے سے منشیات بھی برآمد ہوئی۔

ایس پی کلفٹن توقیر نعیم کے مطابق درخشاں پولیس نے ڈیفنس فیز 6 کے مسلم کمرشل ایریا میں چھاپہ مار کر منشیات فروشی کے الزام میں ارشد انصاری نامی ایک شخص کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے 1050 گرام چرس اور لاکھوں روپے مالیت کی آئس برآمد ہوئی۔

انہوں نے مزید بتایا ہے کہ ملزم ڈیفنس اور کلفٹن میں فلیٹ کرائے پر لے کر وہاں نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو ڈانس پارٹیوں کی دعوت دیتا تھا ، جہاں وہ اور اس کے گروہ کے اردکان انہیں نشے کا عادی بناتے تھے، کراچی کے پوش ایریا کلفٹن اور ڈیفنس میں آئس نامی نشہ متعارف کرانے والا یہی گروہ ہے، ملزم کی نشاندہی پر پولیس کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔

ایس پی کلفٹن توقیر نعیم کے مطابق ملزم ارشد نصاری کو 6 ماہ قبل بھی اسی علاقے سے انہیں جرائم کے تحت گرفتار کیا گیا تھا مگر وہ قانونی چارہ جوئی کے بعد رہائی پا کر پھر اسی دھندے پر لگ گیا تھا جسے اب پھر گرفتار کیا گیا ہے۔

ملزم کے خلاف درخشاں تھانے میں ایف آئی آر نمبر 152/18 نارکوٹیکس ایکٹ کے تحت درج کی گئی ہے۔

ایس پی کلفٹن توقیر نعیم کے مطابق اکتوبر 2017ء سے لے کر اب تک کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس اور کلفٹن میں منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن کے دوران خواتین سمیت 30 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

پکڑے کے ملزمان میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے جس کے قبضے سے 3 کلو گرام منشیات برآمد ہوئی۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ ان کی اس طرح کی کارروائیوں سے کراچی کے اس اہم علاقے سے منشیات فروشوں کا قلع قمع ہو رہا ہے۔