یوٹیوب سے ایک ارب کمانے والاامریکی بچہ

March 19, 2018

سلیم انور عباسی

یو ٹیوب کو ذاتی چینل کہا جائے تو بے جا نہیں ہوگا کہ اس میں آپ کوئی بھی ویڈیو ریکارڈ کرکے نشر کرسکتے ہیں۔ریان نامی 6 سالہ امریکی بچہ یوٹیوب ویڈیوز کے ذریعے اربوں روپے کماتا ہے۔

ریان اس وقت انٹرنیٹ کی مشہور شخصیت بن چکے ہیں اور ٹیکس دینے سے قبل وہ ہر سال کم ازکم 11 ملین ڈالر کماتے ہیں اور پاکستان میں یہ رقم تقریباً ایک ارب 10 کروڑ روپے بنتی ہے جب کہ اس کہانی کا سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ اربوں کی کمائی کرنے والے اس بچے کی عمر صرف 6 برس ہے۔

ریان اپنے چینل پر ہر نئے کھلونے پر تبصرہ کرتا ہے، ریان ٹوائے ریویوز کے نام سے یہ چینل ہر دن مقبول ہورہا ہے اور اب اس کے سبسکرائبرز کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے۔ ریان کھلونوں کے ساتھ ساتھ کھانوں پر بھی تبصرہ کرتے ہیں۔

ریان کے والد بھی بچے کی صلاحیت سے خوش ہیں اور وہ ویڈیو بنانے کے عمل کو خاندان کے ساتھ مزید وقت گزارنے اور رشتہ مضبوط کرنے کی ایک وجہ بھی سمجھتے ہیں جب کہ ریان نے اپنے والدین کی مدد سے 2015 میں اپنے اس چینل کا آغاز کیا جب ان کی عمر صرف 4 برس تھی۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


ریان کے دلچسپ تبصروں نے کروڑوں لوگوں کو متوجہ کیا اور یہ چینل عروج پر اس وقت پہنچا جب ریان نے اس پر ایک بڑے انڈے کی سرپرائز ویڈیو ڈالی اور اسے 80 کروڑ سے زائد افراد نے دیکھا اور سراہا جب کہ بقیہ ویڈیوز کو دیکھنے والے افراد کی تعداد کروڑوں میں ہے۔ اس کے بعد ان کی سائنس پڑھانے والی والدہ نے تدریس کو خیرباد کہہ دیا اور وہ پورا وقت اب ریان کے ساتھ ویڈیوز کو دیتی ہیں۔

ریان کو کیمرے سے بے انتہا محبت ہے اور جب جب ان کی والدہ ویڈیو بنانے کا کہتی ہیں تو وہ بہت خوش ہوکر فوری طور پر تیار ہوجاتے ہیں۔

فیملی کےیو ٹیوب چینل پر ریان کی والدہ نے لکھا:’’وہ گاڑیوں، تھامس اینڈ فرینڈز،لیگو،سپر ہیراز،ڈزنی کھلونوں،کھلنے والے حیران کن کھلوناانڈوں،پلےDoh،پکسر،ڈزنی گاڑیوں،ڈزنی طیاروں،بھوت نما ٹرکوں، Minions،پلے ٹائیم فن،فیملی فن ایڈونچر جیسی کئی چیزوں سے والہانہ دلچسپی رکھتے ہیں۔

یو ٹیوب پر دوسرے بچوں کے پروگرام دیکھ کر اس کے دل میں شوق جاگا اور اس نے مجھ سے پوچھا کہ میں کیوں نہیں ان کی طرح اسکرین پر آسکتا ہوں!اسکے بعد ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم یہ کرسکتے ہیں۔

اس کے بعد ہم اسے کھلونوں کی دکان پر لے گئے اور جو پہلا کھلونا ہم نے اسے خرید کر دیاوہ میراخیال ہے کہ لیگو ٹرین سیٹ تھا، جس کی تفصیلات انہوں نے ایک دلچسپ تبصرے اور انداز کے ساتھ ریکارڈ کروائی جسے ہم نے ٹیوب فلٹر کے ذریعے اپ لوڈ کیا۔ریان کی یہ پہلی ویڈیو ہی اتنی مقبول ہوئی کہ ہم خود حیران رہ گئے۔

ہمیں اتنی پذیرائی کی توقع نہیں تھی کہ اس کا انداز بچوں بڑوں کو بھائے گا۔اس کے نیچرل اور معصوم انداز کو سب نے پسند کیا اور جب تک اس کی دلچسپی قائم ہے تب تک ہم یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔‘‘

ریان بچوں کے لیے کھلونوں پر دلچسپ تبصرہ کرنے والے پروگرام Ryan ToysReview. کے ایسے منفرد میزبان ہے جنہوں نے ابتدائی تعلیم کے دنوں میں ہی نہ صرف شہرت کی بلندیاں حاصل کرلی ہیں بلکہ گھر بیٹھے کروڑ پتی ہونے کے مزے بھی لوٹ رہے ہیں۔

ریان کے والدین نے Ryan's Family Reviewکے نام سےدوسرا یو ٹیوب چینل بھی شروع کیا ہے،جس میں وہ اپنی زندگی کے روزمرہ کے معمولات کی دستاویزی فلم بنا کر اپ لوڈ کرتے ہیں۔اس چینل کے دیکھنے والوں کی تعداد دس لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ دنیا کے اس ارب پتی بچے کے بارے میں جاننے والوں کے عدد میں اضافہ ہورہا ہے اور وہ کئی والدین اور بچوں کے لیے رول ماڈل بنتا جا رہا ہے۔

ریان کی کام یابی کی ہر ایک کہانی کی طرح اس کے والدین کی دلچسپی کا اہم کردار ہے۔ہمارے پاکستان میں بھی جن بچوں نے تعلیمی میدان میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ان میں متوسط اور امیر طبقے کے وہی بچے شامل ہیں جن کے والدین تعلیم یافتہ ہیں اور انہوں نے گھر پر بچے کی تعلیم و تربیت میں فعال کردار ادا کیا۔

ریان کا جنم 6اکتوبر2010 کو امریکہ میں ہوا۔پانچ برس کی عمر سے کھلونوں کے بارے میں اپنے دلچسپ تبصرے شروع کئے۔چار ماہ کے اندر اندر ان کی مقبولیت آسمان کو چھونے لگی اور آج وہ اسٹار کڈ بن چکا ہے جسے ہر بڑے کھلونوں کے میلے میں خاص طور پر مدعو کیا جاتا ہے جیسے حالہی میں منعقدہ نیویارک ٹوائےفیئر میں وہ سب کی نگاہوں کا مرکز رہے اور اپنی شرارتوں سے سب کو محظوظ کیا۔

آخری 18 ہفتے وہ مقبولیت کے روشن ستارے رہے اور بڑے میڈیا ایپائرز کے پروگراموں کو گہنا دیا،امریکا میں مقبولیت کا گراف جسٹن بیبر سے بھی بلند رہا۔ ریان کے چینل کے سبسکرائبر 8.1ملین سے زائد جب کہ دیکھنے والوں کی تعداد13.5ملین سے زیادہ ہے اور ان کے چاہنے والوں میں بچے بڑے بوڑھے سبھی شامل ہیں۔کم عمر ترین ارب پتیوں میں 12ملین کے اثاثوں کے ساتھ فوربس میگزین نے اسے خاص جگہ دی ہے اور کہا ہے کہ قسمت ،محنت اور وقت مل جائے تو دولت ہاتھوں کا میل ہوتی ہے۔

ریان کے والدین کے لیے یہ معجزاتی کام یابی کسی حیرت سے کم نہیں اس لیے وہ پیسے کی زیادتی کو اپنے اوپر سوار نہیں کرتے بلکہ بیٹے کے روشن مستقبل کی منصوبہ بندی کرتے ہیں۔اس بے مثال کامیابی کو ماہرین نے قسمت اور صلاحیت کا حسین سنگم قرار دیتے ہوئے اس کا کریڈٹ ریان کے والدین کو دیا ہے جن کی سائنسی سوچ نے بچے کے لیے تخلیقی صلاحتیں پروان چڑھانے کی راہیں ہموار کیں۔

یو ٹیوب کے دس اہم راز

یوٹیوب دنیا کی مقبول ترین ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ ہے جس پر روزانہ کروڑوں افراد ویڈیوز دیکھتے ہیں مگر عام لوگوں کو اس کے اندر چھپی چند اہم ٹرکس کا علم ہی نہیں ہوپاتا جو اس سائٹ کو استعمال کرنے کا تجربہ زبردست بنا دیتی ہیں۔ درج ذیل میں ان ٹرکس کا ذکر کیا جارہا ہے جن سے بیشتر افراد لاعلم ہیں۔

بچوں کے لیے یوٹیوب فلٹر

یوٹیوب کی بچوں کے لیے کڈز ایپ موجود ہے جو آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کے لیے مفت ہے اور یہاں بچوں کے لیے ہی ویڈیوز دستیاب ہوتی ہیں، اس ایپ کے رنگا رنگ بٹن اور وائس سرچ کی بدولت ننھے فرشتوں کے لیے ویڈیوز تلاش کرنا آسان ہوتا ہے اگر وہ ٹائپ نہیں کرسکتے، اس کے لیے آپ ٹائمرز سیٹ کرکے ان کے دیکھنے کا وقت بھی مقرر کرسکتے ہیں۔یہی وہایپ ہے جس نے ریان پر لکشمی کے دروازے کھول دئیے۔یاد رکھیے پیسہ ہماری صلاحیتوں کے آگے غلام ہے جسے ہم نے سرِ زمانہ آقا بنا رکھا ہے۔اگر آپ میں ریان سی ذہانت ہے تو گھر بیٹھے پیسے کما سکتے ہیں۔

مخصوص وقت پر ویڈیو کا اسٹارٹ

اگر آپ اپنے کسی دوست کو ویڈیو بھیجتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ وہ کسی مخصوص وقت سے شروع ہو، تو ویڈیو ٹائٹل کے نیچے موجود شیئر بٹن پر کلک کریں، ایک ٹیب سامنے آئے گا تو وہاں نیچے اسٹارٹ ایٹ کے باکس پر چیک لگادیں اور اس کے بعد اپنی پسند کے وقت کا انتخاب کریں، جس کے بعد دائیں جانب نیچے کاپی پر کلک کریں اور پھر اس لنک کو اپنے دوست کو ارسال کردیں، ویڈیو وہاں سے ہی شروع ہوگی، جس کا وقت آپ نے طے کیا ہوگا۔

فری میوزک لائبریری

اگر آپ کوئی ویڈیو کسی میوزک سے سجانا چاہتے ہیں اور کاپی رائٹس کی خلاف ورزی نہیں کرنا چاہتے تو اس لنک پر جاکر آپ یوٹیوب کی فری میوزک لائبریری سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

یوٹیوب ویڈیوز کو ڈاؤن لوڈ کریں

اگر تو آپ کو کوئی ویڈیو بہت زیادہ پسند آتی ہے اور آپ اسے اپنے کمپیوٹر میں محفوظ کرنا چاہتے ہیں تو کیسے کریں گے؟ گوگل سرچ پر وقت ضائع کرنے کی بجائے اس ٹرک کو آزما کر دیکھیں۔ آپ کو بس ویڈیو کے لنک میں ڈبلیو ڈبلیو ڈبلیو ڈاٹ یوٹیوب کے درمیان 2 ایس کا اضافہ کرنا ہے، بالکل اس طرح www. ssyoutube اور انٹر کردیں اس طرح آپ کے سامنے ڈاؤن لوڈ کے لیے نئی سائٹ آجائے گی۔