فیروز خان کو لڑکی مل گئی

March 20, 2018

جیو ڈرامہ سیریل ’خانی‘ سے شہرت پانے والے ’میر ہادی‘ یعنی فیروز خان کو لڑکی مل گئی اور وہ بہت جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے ۔

مشہور ماڈل اور اداکارفیروز خان اور ان کی بہن ہمیمہ ملک نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ اس مہینےکے آخر میں شادی کر رہے ہیں۔ اس بارے میں فیروز خان کا کہنا ہے کہ وہ بہت خوش ہیں اور کافی عرصے سے وہ جس لڑکی کی تلاش میں تھےوہ ان کو مل گئی ۔

ان کا کہنا ہے کہ شادی کے ساتھ ہی ان کی زندگی میں آنے والی تبدیلی کے لیے وہ بہت پر جوش ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ وہ یہ خبر اپنے مداحوں کے سا تھ شئیر کرنے میں بہت خوشی محسوس کر رہے ہیں۔

ان کی شادی سے متعلق پچھلے کئی مہینوں سے کافی خبریں گردش کر رہی تھیں مگر وہ سب بے بنیاد تھیں لیکن اب انہوں نےخود اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ واقعی شادی کررہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ جانتے ہیں ان کے مداح ان کی شادی کی خبر سن کر بے حد خوش ہونگے لیکن ان کی پرسنل زندگی کا بھی خیال کیا جائے اور انہیں یہ خوشی کے لمحات اپنے گھر والوں کے ساتھ گزارنے دیں۔

فیروز خان کی دلہن سے متعلق ہمیمہ ملک نے بتایا کہ ان کی بھابھی کا تعلق کراچی سے ہےاوروہ ان کے خاندان کی نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیروز اور وہ ایک دوسرے کو نہیں جانتے اور یہ ایک ارینج میرج ہے۔

ہمیمہ نے بتایا کہ ان کی بھابھی ایک ’دیسی‘ لڑکی ہیں جبکہ ان کاشوبز سے بھی کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس مہینے کے آخر میں کراچی میں ان کی شادی کی تقریب منعقد کی جائے گی۔