کراچی :سمندر میں ڈوبے 4 کنٹینر نکال لیے گئے

March 21, 2018

کراچی کی بندرگاہ پر ڈوبے ہوئے کنٹینرز نکالنے کا آپریشن جاری ہے اور ابھی تک 4 کنٹینرز کو سمندر سے باہر نکال لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے ساؤتھ ایشیا ٹرمینل پر جہازوں کی آمدورفت 3 دن بند رہنےکے بعد آج بحال کرتے ہوئے جہازوں کو آمدورفت کی اجازت دے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ پیر کی شام کراچی بندرگاہ پر دو جہازوں کے حادثے سے کل 37 کنٹینرز کو نقصان پہنچا تھا اور 20 کنٹینرز سمندر میں ڈوب گئے تھے جبکہ 16 کنٹینرز کو شدید نقصان پہنچا ۔

پورٹ ذرائع کے مطابق ایک کنٹینر برتھ پر گر گیا تھا اور سمندر میں گرنے والے کنٹینر ز کو آج کرینوں کی مدد سے نکالنےکا کام شروع کیا گیا جو تاحال جاری ہے۔

علاوہ ازیں واقعہ کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقاتی کمیٹی نے کام شروع کر دیا ہے اور پائلٹ عدنان پٹیل کا میڈیکل کروا لیا گیا ہے۔