لڑکیوں کو سوشل میڈیا پر بلیک میل کرنیوالا نوجوان گرفتار

March 22, 2018

حیدرآباد (بیورو رپورٹ) ڈی آئی جی آفس حیدرآباد میں قائم ویمن پروٹیکشن سیل نے طالبہ کی جانب سے جعلی فیس بک آئی ڈی کے ذریعے بلیک میل اور ہراساں کئے جانے کی شکایت پر ایک ہفتے کی جدوجہد کے بعد بلیک میل کرنے والے نوجوان کو گرفتارکرلیا ہے۔

دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ گرفتار ملزم سو سے زائد لڑکیوں کو بلیک میل و ہراساں کر رہا تھا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی آفس حیدرآباد میں قائم ویمن پروٹیکشن سیل کو حیدرآباد کے میڈیکل کالج میں زیرتعلیم ایک طالبہ نے جعلی فیس بک آئی ڈی کے ذریعے اسے بلیک میل اور ہراساں کرنے کے حوالے سے تحریری شکایت کی تھی۔

طالبہ کی تحریری شکایت پر ویمن پروٹیکشن سیل نے تفتیش کے بعد بدھ کو جامشورو میں کارروائی کر کے بلیک میل و ہراساں کرنے میں ملوث ملزم کو جو کہ خود بھی مہران انجینئرنگ یونیورسٹی کا طالبعلم ہے، گرفتار کرلیا۔

ملزم کا جب موبائل فون قبضے میں لے کر تفتیش کی گئی تو انکشاف ہوا کہ اس نے فیس بک پر جعلی ناموں سے 7سے زائد آئی ڈیز بنا رکھی تھیں جن کے ذریعے سو سے زائد لڑکیوں کو بلیک میل و ہراساں کرنے کے شواہد ملے ہیں۔