نائیجیریا : بوکو حرام نے 76 مغوی لڑکیوں کو رہا کر دیا

March 22, 2018

شدت پسند تنظیم بوکو حرام نے شمال مشرقی نائیجریا سے اغوا کی گئی لڑکیوں میں سے 76 کو رہا کر دیا ہے، سرکاری ذرائع نے لڑکیوں کے چھوڑ دینے کی تصدیق کر دی ہے۔

رہائی پانے والی ایک لڑکی کے والد نے بتایا کہ ان لڑکیوں کو شدت پسندوں نے دامچی نامی شہر پہنچایا ،رواں برس فروری میں بوکو حرام نے ریاست یوبے میں ایک اسکول پر حملہ کیا تھا۔ اس دوران شدت پسند گیارہ سے انیس سال کی عمر کی ایک سو دس لڑکیوں کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے تھے۔

نائیجیریا میں حکام کا کہنا ہے کہ گذشتہ مہینے شہر دامچی سے اغوا ہونے والی 110 لڑکیوں میں سے زیادہ تر کو رہا کرا لیا گیا ہے۔ نائیجیریا کی وزارت اطلاعات کے مطابق اسکول کی 110 طالبات میں سے 76 کو رہا کرا لیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ رہائی ‘درپردہ کوششوں’ کے ذریعے ممکن ہو سکی ، تاہم بیان میں ان لڑکیوں میں سے بعض کی ہلاکت کی اطلاعات کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے۔