ماہرہ خان سے اُن کی والدہ کیوں ’ناراض‘؟

March 22, 2018

معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان کی والدہ پاکستان سپر لیگ سیزن تھری میں کراچی کنگز کے خلاف پشاور زلمی کی جیت پر ان سے ’ناراض‘ ہوگئیں۔

ماہرہ خان کا تعلق کراچی سے ہے لیکن وہ پی ایس ایل کی دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کی ایمبیسڈر ہیں اور اپنی ٹیم کو بھرپور سپورٹ کر رہی ہیں۔

ماہرہ خان نے جب پشاور زلمی کی فتح پر خوشی کا اظہار کیا تو ان کی والدہ ان سے خفا ہوگئیں۔

ماہرہ نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں بتایا کہ میری والدہ مجھ سے بات نہیں کر رہیں کیونکہ ان کی ٹیم پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو شکست دے دی۔

دوسری جانب ماہرہ اپنی ٹیم کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے پر کافی خوش ہیں اور انہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ پی ایس ایل ٹو کی فاتح پشاور زلمی اپنے ٹائٹل کا کامیابی سے دفاع کرے گی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے پی ایس ایل 3 کے فائنل میچ میں ماہرہ خان کی شرکت کا بھی امکان ہے۔