اعصابی زہر کے متاثرین کو روسی سفیر کی جانب سے نیک تمنائوں کا پیغام

March 24, 2018

لندن (پی اے) لندن میں روس کے سفیر الیگزنڈر یاکوونکو نے سالسبری میں اعصابی زہر کے حملے کے متاثرین کیلئے نیک تمنائوں پر مبنی پیغام بھیجا ہے، روسی سفیر نے تفتیشی سارجنٹ نک بیلے کی صحتیابی اور اسپتال سے رخصت کئے جانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے جبکہ روس کا سابق ڈبل ایجنٹ66 سالہ سرگئی سکریپل اور اس کی33سالہ بیٹی یولیا اب بھی ہسپتال میں زیر علاج ہیں ان کی حالت ابھی نازک بتائی جاتی ہے۔ روسی سفیر نے اپنی ٹوئیٹ میں سرگئی اور اس کی بیٹی کی بھی جلد صحتیابی کی امید ظاہر کی ہے، ادھر نک بیلی نے ہسپتال سے فارغ کئے جانے کے بعد ایک بیان میں کہاہے کہ اب پہلے جیسی معمول کی زندگی شاید میں کبھی نہ گزار سکوں، لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ اب میں کیسا محسوس کرتا ہوں میں انھیں کیا بتائوں کہ میں کیا محسوس کر رہا ہوں، روسی سفیر کی جانب سے نیک تمنائوں کا یہ اظہار ان کی جانب سے برطانوی وزیر خارجہ کے حالیہ بیان کی مذمت کے بعد سامنے آیا ہے، واضح رہے کہ روسی سفیر نے گزشتہ روز لندن میں روسی سفارت خانے میں ایک پریس کانفرنس میں برطانوی وزیر خارجہ کی جانب سے روس کے صدر پوٹن موسم سرما کے ورلڈ کپ کی میزبانی کا موازنہ 1936 میں ہٹلر کی جانب سے کرائے گئے اولمپکس سے کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بورس جانسن نے پوٹن کا موازنہ ہٹلر سے کرکے روس کے عوام کی توہین کی ہے۔ روسی سفیر نے برطانیہ کے ان الزامات کے ثبوت بھی مانگے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ سالسبری حملے کی پشت پر روس کا ہاتھ تھا انھوں نے کہا تھا کہ زہر دینے کے اس واقعہ پر برطانیہ کی جانب سے سرکاری طور پر دیا گیا بیان بے بنیاد ہے اور برطانیہ نے محض تصورات پر اپنا سرکاری موقف قائم کر رکھا ہے، دوسری جانب برطانوی وزیراعظم نے کہا ہے کہ سالسبری میں زہر کے حملے کے حوالے سے پوری یورپی کونسل متحد ہے۔