دِل میں چبھے کانٹے

April 01, 2018

مصنّفہ: شمیم اختر

صفحات: 276، قیمت: 500 روپے

ناشر: راحیل پبلی کیشنز، اُردو بازار، کراچی

شمیم اختر21برس تک خواتین کے ایک معروف ہفت روزہ جریدے کی ایڈیٹر رہ چکی ہیں۔ اُن کا صحافتی تجربہ پچاس برسوںپر محیط ہے۔ وہ انگریزی اور اُردو دونوںزبانوںمیں لکھتی ہیں، مگر ان کی مادری زبان پشتو ہے۔

زیرِتبصرہ کتاب ان کی خودنوشت یادداشتوں پر مشتمل ہے، جو دِل چسپ ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے اندر تاریخی و سماجی واقعات اور اُن کے تجزیے کا ہنر بھی رکھتی ہے۔ شمیم اخترنے بڑی بے باکی اور سچائی کے ساتھ اپنےبیتے دِنوں کی یادوں کو صفحۂ قرطاس پر اُتارا ہے۔

یہ سب اس قدر دِل چسپ انداز میںتحریر کیا گیا ہے کہ قاری غیرمحسوس طریقے سے خود کو ان مندرجات کا حصّہ سمجھ لیتا ہے۔

شمیم اختراب عُمر کے اس حصّے میں ہیں، جہاں احتیاط، تحمل اور ردِعمل کوئی معنیٰ نہیںرکھتا، سو، اس کتاب میں مختلف شخصیات کے بارے میں ان کا کھرا اور بے باکانہ اظہارِخیال، مباحث کی بنیاد بن سکتا ہے۔

یہ کتاب اگرچہ خودنوشت یادداشتوں پر مبنی ہے، لیکن یہ ایک طرح سے صحافت کی تاریخ بھی ہے، صحافت کے طلبہ کو اس سے بہت کچھ سیکھنے اور جاننے کا موقع ملے گا۔ کتاب قرینے اور نفاست سے شایع ہوئی ہے۔