ناراض بی جے پی رہنما یشونت سنہا نے پارٹی اور انتخابی سیاست سے استعفیٰ دیدیا

April 22, 2018

اسلام آباد (صالح ظافر) سابق بھارتی وزیر خارجہ اور ناراض بی جے پی رہنما یشونت سنہا نے پارٹی اور انتخابی سیاست سے استعفیٰ دیدیا ہے اور کہا ہے کہ وہ پارٹی کی موجودہ قیادت اور اس سمت سے خوش نہیں جس طرف بھارتی سیاست جا رہی ہے۔ سنہا نے مرکزی حکومت اور بی جے پی قیادت کیلئے کئی ایشوز کو نمایاں کیا ہے جس میں پارلیمنٹ میں تعطل اور میڈیا پر پابندیاں شامل ہیں اور ساتھ ہی انہوں نے اپنے استعفے کو درست قرار دیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو خطرہ ہے، ملک بحران میں ہے اسلئے میں خاموش نہیں بیٹھ سکتا، بی جے پی کے ساتھ اپنے تمام تعلقات توڑتا ہوں اور کسی دوسری جماعت کا رکن نہیں بنوں گا۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی اداروں کو ایسے لوگوں کیخلاف کارروائی کیلئے کہا جا رہا ہے جن کے سوچنے کا انداز مختلف ہے، اسلئے بی جے پی سے باہر کے لوگوں میں خوف کی فضا پیدا ہوگئی ہے۔