رمضان المبارک میں گرمی بڑھنے کی پیشنگوئی

April 23, 2018

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) محکمہ موسمیات نے اس سال رمضان المبارک میں گرمی بڑھنے کی پیشنگوئی کر دی ہے اور کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ہی مارچ کا آخری ہفتہ پاکستان کی مارچ کی تاریخ کا گرم ترین ہفتہ رہا اور اپریل میں پورے ہفتہ کے دوران غیرمعمولی بارش ہوئی جس نے جڑواں شہروں سمیت بالائی علاقوں کا موسم انتہائی خوشگوار بنا دیا یہاں تک کہ رات کو سردی کی کیفیت پیدا ہو گئی۔ ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول نے بتایا کہ رواں ماہ ملک میں کوئی خاطر خواہ بارش نہیں ہو گی اور آئندہ دنوں میں ملک کے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوتا جائے گا جبکہ رمضان المبارک میں گرمی پڑے گی ۔ اپریل میں غیرمعمولی بارشوں نے گندم اور چنے کے کاشتکاروں کیلئے مشکلات پیدا کی ہیں۔ ڈی جی موسمیات کا کہنا تھا کہ رواں ماہ کے دوران پوٹھوہار ریجن میں مقامی سطح پر سسٹم ڈویلپ ہونے سے بعض مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔