کینیڈا میں وین نے متعدد راہگیروں کو کچل دیا، 9 ہلاک

April 24, 2018

ٹورنٹو (جنگ نیوز) کینیڈا کے شہر ٹورونٹو میں پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک ڈرائیور نے اپنی وین فٹ پاتھ پر چڑھا کر راہگیروں کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں نو افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ جس جگہ یہ واقعہ پیش آیا ہے وہ کافی مصروف علاقہ ہے۔پولیس نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ اس علاقے میں آنے سے پرہیز کریں۔ اس کے علاوہ جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر سب وے سروس کو بھی روک دیا گیا ہے۔کینیڈا کے وزیر برائے پبلک سیفٹی کا کہنا ہے کہ یہ ایک افسوس ناک واقعہ ہے تاہم انھوں نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا کہ ڈرائیور نے ایسا کیوں کیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے کچھ فاصلے پر وین اور اس کے ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ تاہم انھوں نے ڈرائیور کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسلح ٹورونٹو پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر موجود ہیں جبکہ زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے۔ایک اور تصویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نارنجی رنگ کا ایک بیگ ایمبولینس میں رکھا جا رہا ہے۔ٹورونٹو کے رہائشی ہینری ملر اس واقعے کے عینی شاہد ہیں۔ انھوں نے سکائی نیوز کو بتایا ’اس سڑک پر 60 سے 70 میل فی گھنٹہ کی رفتار پر ایک سفید وین آئی۔ وہ وین گھومی ہے اور راہگیروں پر چڑھ گئی ہے۔ میرا اندازہ ہے کہ جان بوجھ کر وین کو فٹ پاتھ پر چڑھایا گیا۔‘ایک اور عینی شاہد نے مقامی میڈیا کو بتایا ’میں نے دیکھا کہ ایک سفید وین فٹ پاتھ پر چڑھی ہے اور لوگ چیخ رہے تھے گاڑی روکو، گاڑی روکو۔ لیکن ڈرائیور گاڑی چلاتا گیا اور کچھ لوگوں کو روند ڈالا اور میں نے تین افراد کو دیکھا جو گاڑی سے روندے جانے کے بعد نہیں ہلے۔‘ایک اور شخص نے بتایا کہ وہ اس سفید وین کے بالکل پیچھے تھے۔ ’ڈرائیور لوگوں کو اور یہاں تک کہ میل باکس کو بھی ٹکر مارتا نکل گیا۔ میں نے لوگوں کو ہوشیار کرنے کے لیہ ہارن بھی بجایا۔ میں نے کم از کم چھ افراد کو وین کی ٹکر سے ہوا میں اڑتا دیکھا۔