سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن نےپہلی شرعی مشاورتی کمپنی رجسٹر کر لی

April 25, 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نےپہلی شرعی مشاورتی کمپنی رجسٹر کر لی۔الہلال شریعہ ایڈوائزرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو پاکستان میں شریعہ مشاورتی قواعد 2017 کے تحت رجسٹرڈ کیا گیا ہے،الہلال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر فراز یونس بندوکڑا (سی ایف اے)نے کہا ہے کہ الہلال شریعہ ایڈوائزرز (پرائیویٹ) لمیٹڈ ملک میں پہلی شریعہ ایڈوائزری کمپنی ہے جو سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان سے رجسٹرڈ ہے۔یہ شرعی بنیادوں پر کام کرنے والی ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں، مضاربہ کمپنیوں سمیت اسلامی مالیاتی اداروں کو خدمات فراہم کرتی ہے۔ الہلال کا عزم ہے کہ روایتی سودی معیشت کو شرعی و مالیات کے ماہرین کی رہنمائی کے ساتھ اسلامی مالیاتی نظام پر منتقل کیا جائے۔ یہ ادارہ 2011 سے کام کررہا ہے لیکن ریگولیٹری ضروریات کے آغاز کے بعد یہ پاکستان میں پہلی شریعہ ایڈوائزری کمپنی کے طور پر رجسٹر ہوگئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایس ای سی پی کی جانب سے پاکستان میں پہلی شریعہ ایڈوائزری کمپنی کا اعزاز ملنے پر ہمیں فخر ہے۔ اسلامی مالیات ایک بڑھتا ہوا رجحان ہے اور ہمیں ایسے ہر ادارے کے مستند سہولت کار بننے پر خوشی ہے جو شرعی اصولوں کے مطابق کام کرنا چاہتے ہیں ۔ ہمیں امید ہے کہ اب مزید کمپنیاں شرعی قواعد لاگو کریں گی ۔ ہم مشاورتی خدمات فراہم کرنا چاہتے ہیں تاکہ اس سے نہ صرف آپ کا کاروبار آگے بڑھے بلکہ منافع بخش ہونے کے ساتھ پائیدار بھی ہو۔