یورپ میں16سال سے کم عمر بچوں پر وہاٹس اپ کے استعمال پرپابندی

April 26, 2018

لندن( پی اے ) میسیجنگ کی مقبول سروس وہاٹس اپ یورپی یونین میں 16سال سے کم عمر بچوں پر وہاٹس اپ کے استعمال پرپابندی لگارہی ہے ،فی الوقت یورپی ممالک میں وہاٹس اپ استعمال کرنے والے کی عمرکم از کم 13سال مقرر ہے، لیکن اب ادارہ مئی میں یورپی یونین کے نئے ڈیٹا پرائیویسی ریگولیشنز سے قبل ہی اپنے قواعد وضوابط تبدیل کررہاہے۔فیس بک کا مالک ایپ اگلے چند ہفتوں کے اندر اپنے استعمال کرنے والوں سے ان کی عمر پوچھے گا اور ان کو سروس کی نئی شرائط پر اتفاق کیلئے کہے گا۔ لیکن یہ نہیں بتایاگیا کہ عمر کی اس پابندی پر کس طرح عمل کرایاجاے گا ،فی الوقت فیس بک یا انسٹراگرام اپنے استعمال کرنے والوں سے ان کی عمر کے بارے میں کوئی سوال نہیں کرتا۔ میڈیا ریگولیٹر آف کام کی 2017 کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ میں سوشل میڈیا پر فعال وہاٹس اپ استعمال کرنے والے کم وبیش ایک تہائی کی عمر 12سے15 سال بتائی جاتی ہے۔ جس کی وجہ سے فیس بک کے بعد اس عمر کے لوگوں میں مقبولیت کے اعتبار سے یہ پانچواں سب سے مقبول سوشل نیٹ ورک بن چکاہے۔