شامی کی بیوی گھر کا تالا کیوں توڑنا چاہتی ہے؟

May 07, 2018

بھارتی کرکٹرمحمد شامی کی مشکلات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔فاسٹ بولر کی اپنی بیوی حسین جہاں سےناچاقی چل رہی ہے۔جس کی وجہ سے حسین جہاں انہیں ہر میدان میں ہزیمت سے دوچارکرنے پر تُلی ہوئی ہیں۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق حسین جہاں پیر کو امروہہ میں واقع محمد شامی کے آبائی گائوں پہنچ گئیں اور مقامی پولیس سے درخواست کی ہے کہ انہیں محمد شامی کے بند گھر کا دروازہ توڑنے کی اجازت دی جائے۔تاہم پولیس نے انہیں ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ حسین جہاں کےہمراہ ان کی دوسالہ بیٹی اور وکیل ذاکر حسین بھی تھے۔محمد شامی کے چچا محمد ضمیر نے بھارتی خبررساں ایجنسی کو بتایا کہ حسین جہاں انہیں بتائے بغیر آئی ہیں۔وہ انہیں اپنے گھر میں خوش آمدید کہیں گے۔شامی کے گھر والے گائوں میں موجود نہیں ہیں ۔حسین جہاں چاہیں تو ان کے گھر میںٹھہر سکتی ہیں۔

حسین جہاں کا کہنا تھا کہ وہ اس معاملے پر بعد میں بات کریں گی۔ واضح رہے کہ کچھ دن پہلے انہوں نے سوشل میڈیا پرمحمد شامی کے ڈرائیونگ لائسنس کا عکس شیئر کیا تھا اور لکھا تھا کہ محمد شامی نے اپنی اصل عمر چھپاتے ہوئے بھارتی کرکٹ بورڈ سے غلط بیانی کی ہے۔

حسین جہاں، محمد شامی پر غیرازداجی تعلقات رکھنے، گھریلو تشدد کا مرتکب ہونے اور میچ فکسنگ جیسے الزامات بھی لگا چکی ہیں۔حسین جہاں کی شکایت پرمحمد شامی کے خلاف ایف آئی آربھی درج ہو چکی ہے۔