سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ مسترد، پہلے یہ بات کہی تو نیوز لیکس بنادی گئی، نوازشریف

May 16, 2018

اسلام آباد(جنگ نیوز‘ایجنسیاں)سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن)قائد میاں نواز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے اعلامیہ غلط فہمی پر مبنی ہے‘ قومی سلامتی کمیٹی کا اعلامیہ افسوسناک اور تکلیف دہ ہے‘یہ حقائق سے مطابقت نہیں رکھتا‘ اب یہ پتہ لگنا چاہئے کہ ملک کو اس نہج پر کس نے پہنچایا ،ملک میں دہشتگردی کی بنیاد کس نے رکھی اور ذمہ دار کون ہے،فیصلہ ہوجانا چاہئے کہ کون محب وطن ہے اورکون غدار‘پاکستان دنیامیں تنہاہورہاہے‘پہلے یہ بات کہی تو نیوزلیکس بنادی گئی ۔ منگل کو احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران نواز شریف نے اکتوبر 2016 میں سول ملٹری تعلقات کے حوالے سے انگریزی اخبار میں شائع ہونیوالی خبر کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اُس وقت بھی قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں باتیں ہوئی تھیں کہ گھر کو ٹھیک کریں، اس اجلاس میں میں نے جو باتیں کی اُس کو نیوز لیکس بنا دیا گیاجبکہ وہ تو حقیقت تھیں ، اب بھی اس بات پر قائم ہوں کہ پہلے گھر کو درست کیا جائے اور اپنے گھر کی درستگی کی بات کی جائے، نواز شریف نے کہا میں صرف پاکستان کا شہری نہیں‘تین مرتبہ وزیر اعظم رہاہوں‘بہت کچھ جانتا ہوں، میرا خیال ہے اب وقت آگیا ہے کہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جانا چاہئے۔ان کا کہناتھاکہ معاملے کی چھان بین کیلئے قومی کمیشن بننا چاہئے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے، دوسرے ممالک کیساتھ ہماری دوستیاں ہورہی تھیں، خواجہ آصف سے پوچھیں دوسرے ممالک نے میرے متعلق کیا رائے دی‘ پاکستان دنیا میں تنہا ہوچکا ہے، کیا کوئی ملک ہے جو آج ہمارے ساتھ کھڑا ہے ؟اس موقع پر صحافی نے سوال کیا 5 سال تک آپکی حکومت رہی اس دوران ایک بھی ملک آپ نے دوست نہیں بنایا؟جس پر نواز شریف نے کہا بات ذات کی نہیں پورے ملک کی ہے کہ ملک کس سمت میں چلا گیا‘ہمارا اتنا پیارا ملک ہے لیکن یہ کیا بن گیا ہے اب اسے دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے۔