سعودی وزیر خارجہ کی امریکی سفارتخانے کی منتقلی کی مذمت

May 18, 2018

سعودی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکی سفارت خانے کی مقبوضہ بیت المقدس میں منتقلی بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے۔

مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں عرب وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے عادل الجبیر نے مزید کہا ہے کہ ہم امریکا کے اس اقدام کے مسترد کرتے ہیں اور اس کو فلسطینی مفادات کے خلاف متعصبانہ سمجھتے ہیں۔

سعودی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر امریکا کے اس فیصلے کو مسترد کردیا گیا ہے اور مقبوضہ بیت المقدس کی حیثیت میں تبدیلی کی کوئی قانونی جواز نہیں ہے۔

انہوں نے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ فلسطینی کاز کی حمایت سعودی مملکت کی اولین ترجیح ہے اور شاہ سلمان بن عبدالعزیز یہ بات زور دے کر کہہ چکے ہیں کہ سعودی عرب فلسطینیوں کو ان کے جائز حقوق دلانے کے لیے حمایت میں کسی تردّد کا مظاہرہ نہیں کرے گا۔