لارڈز ٹیسٹ، پاکستانی ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن منگل کو ہوگا

May 20, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر)لیسٹر شائر کاونٹی کے خلاف دوروزہ میچ کے بعد پاکستانی کرکٹ ٹیم لارڈز میں جمعرات سے انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔پاکستانی ٹیم کا پہلا پریکٹس سیشن منگل کو لارڈز میں ہوگا جبکہ انگلش ٹیم پیر سے لارڈز میں پریکٹس کرے گی۔پاکستانی ٹیم انتظامیہ کے لئے سب سے تشویش ناک بات فاسٹ بولروں کی کارکردگی ہے۔کوچنگ اسٹاف کو تشویش اس بات پر ہے کہ ڈبلن ٹیسٹ میں جس طرح آئرلینڈ کے بولر گیند سوئنگ کرارہے تھے اس طرح پاکستانی بولروں نے ایئر میں گیند سوئنگ نہیں کرائی۔محمد عباس کے علاوہ محمد عامر اور راحت علی کو گیند سوئنگ کرانے میں مشکل پیش آئی۔عباس نے آف دی وکٹ بھی سوئنگ کرائی اور آف دی ایئر بھی بیٹسمینوں کے لئے مشکلات پیدا کیں۔سب سے حیران کن پہلو یہ ہے کہ تمام پاکستانی بولر نیٹ پر گیند کو سوئنگ کراتے ہیں لیکن میچ میں ان کی بولنگ سے سوئنگ غائب ہوجاتی ہے۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور بولنگ کوچ اظہر محمود کے لئے فاسٹ بولروں کی کارکردگی پر تشویش ہے۔کوشش کی جارہی ہے کہ انگلش ٹیم کے خلاف پاکستانی بولر بہتر بولنگ کرسکیں۔