حکومت کومعلوم ہی نہیں ،کشمیر میں کیاہورہاہے،حافظ سعید

May 21, 2018

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعۃ الدعوۃ پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے لیکن حکومت کو معلوم ہی نہیں کہ کشمیر میں کیا ہو رہا ہے۔ حکمرانوں نے بیرونی قوتوں کے دباؤ کی وجہ سے ملک کو غلامی میں دھکیل رکھا ہے۔بھارتی آرمی چیف نے کشمیر میں اپنی شکست کا اعتراف کرلیا، کشمیریوں کے لیے مایوسی کی کوئی بات نہیں، کامیابی مسلمانوں کا مقدر بنے گی ۔اسلام دشمن ملک مسلمانوں کی قربانیوں سے خوفزدہ ہیں۔ مقبوضہ بیت المقدس میں امریکی سفارت خانے کی منتقلی مسلمانوں کی بیداری روکنے کے لیے ہے۔ ان حالات میں ہمیں اپنے کردار کا تعین کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سخی حسن چورنگی کراچی میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ حافظ محمد سعید نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محمد بن قاسم سے شہاب الدین غوری تک‘ برصغیر کے لیے بڑی قربانیاں دی گئیں، کشمیر میں قربانیوں سے برصغیر کا نقشہ پھر بدل جائے گا۔ آج مسلمان اپنے قدموں پر کھڑے ہوکر آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ مسلمان حکمران اور حکومتیں غلام بنی ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ بیت المقدس میں جتنے مسلمان شہید ہورہے ہیں کل ان کی اولادیں یہودیوں اور صلیبیوں سے بدلہ لیں گی۔ ۔ حافظ محمد سعید نے کہا کہ کشمیر میں شہداءکی قربانیوں سے منظر نامہ بدل رہا ہے۔ بھارتی آرمی چیف کا بیان کشمیر میں بھارتی شکست کا اعتراف ہے ۔ بھارت متنازع ڈیموں کے ذریعے پاکستان کا ستر فیصد پانی روک چکا ہے۔ ہماری زرعی زمینیں بنجر ہوچکی ہیں اور انڈیا ہمارے ہی پانی سے بجلی اور زراعت میں اضافہ کر رہا ہے۔