عمران کا پروگرام شیخ چلی کی کہانی، 50 دن میں 100 لوٹے اکٹھے کئے، پیپلز پارٹی

May 23, 2018

اسلام آباد(خبر ایجنسی)پاکستان پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف کی جانب سے100دن کے پروگرام کو شیخ چلی کی کہانیاں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ2013میں بھی عمران خان نے 90دن کا ایجنڈا دیا تھا جو 5سال میں بھی پورا نہیں ہوسکا ، عمران خان نے 50دن میں 100لوٹے اکٹھے کئے اور ان کے پاس ہر سائز ، ہر رنگ کا لوٹا اور ڈرم موجود ہے، عمران خان کے ہاتھ میں وزارت عظمیٰ کی لکیر نہیں،اسلئے 100دن کا ایجنڈا دےکر عمران خان اپنی خواہشات پوری کررہے ہیں، آصف زرداری کا تدبر اور تجربہ اور بلاول بھٹو کا جوان جوش پاکستان کے اندر حقیقی تبدیلی لائے گا، جو لوگ ہمیں چورکہتے تھے آج وہ خود بین الاقوامی چوری کے جرم میں نااہل ہوچکے ،شریف خاندان سے کرپشن کی دولت کا پوچھو تو باپ بیٹوں پراور بیٹا باپ پر الزام لگا دیتا ہے۔ منگل کو پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ ، پیپلز پارٹی خبیر پختونخوا کے صدر ہمایوں خان، جنرل سیکریٹری فیصل کریم کنڈی، سیکریٹری اطلاعات سینٹر روبینہ خالد نے نیشنل پریس کلب میں عمران خان کے 100دن کے پروگرام کے ردعمل میں پریس کانفرنس کی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ سیاسی طور پر الیکشن کے 70یا 80دن پہلے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اپنی آئندہ حکومت کے 100دن کا ایجنڈا دینا نفسیاتی پروپیگنڈا اور پری پول رگنگ ہے، پاکستان تحریک انصاف کے 5رہنماؤں کی جانب سے 100دن کا ایجنڈا دینا کوئی کالج کا لیکچر لگ رہا تھا جس کیلئے پہلے سے کوئی پلاننگ نہیں کی گئی تھی۔ حیرت ناک بات ہے کہ پی ٹی آئی والے اگر حکومت میں آئے تو پہلے 3مہینے صرف پالیسی دینے میں لگا دیں گے، اداروں کے لوگوں کو اپنی پالیسی سمجھانے میں ان کو 420دن لگیں گے۔ جہانگیر ترین 18000ایکڑ زمین کے مالک ہیں، ان کی جانب سے غریب کسان کی بات کرنا مضحکہ خیز ہے۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے ایجنڈے میں جو باتیں کیں وہ شروع دن سے پیپلز پارٹی کا منشور رہا ہے۔اس موقع پر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ جو کام عمران خان اور پی ٹی آئی والے5سال میں نہیں کرسکے وہ 100دن میں کیسے کریں گے؟ ان کیلئے میرے قائد آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا ایک پروگرام ہی کافی ہے کوئی ایک سنار کی اور 100لوہار کی۔پی ٹی آئی والوں میں برداشت اتنی ہے کہ اگر کسی کو کہہ دو کہ عمران خان وزیراعظم نہیں بنے گا تو گالیاں دینے لگ جاتے ہیں، ہم صرف باتیں نہیں کرتے آئندہ انتخابات میں پوری قوم پیپلز پارٹی کی کارکردگی دیکھ لے گی۔عمران خان نے کے پی کے کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا اور صحت ، تعلیم اور احتساب کے شعبے کو تباہ کردیا۔ عمران خان صرف تقریروں میں کے پی کے کی ترقی دکھا رہے ہیں جو اصل میں موجود نہیں۔ بین الاقوامی اداروں سے قرضے نہ لینے کا اعلان کرنے والوں نے 5سال کے دوران صرف ایک منصوبے کیلئے 41.88بلین روپے کا قرضہ لیا لیکن پھر بھی وہ منصوبہ مکمل نہ ہوسکا ۔ عمران خان کی سوچ مغل بادشاہوں کی طرح ہے جس میں نہ وہ کوئی پلاننگ کرتے ہیں اور کام کاآغاز کردیتے ہیں،مولا بخش چانڈیو نےکہاکہ شہباز شریف اپنے بھائی کے نہیں ہو سکے تو کسی اور سے کیا سچائی دکھائیں گے؟شریف خاندان سے کرپشن کی لوٹی دولت کا پوچھو تو باپ بیٹوں پر اور بیٹا باپ پر الزام لگا دیتا ہے،نواز شریف نے اپنی کرپشن کا مدعہ اپنے مرحوم باپ اور بیٹوں پر ڈال دیا، کیسے لوگ ہیں یہ ؟ 3بار وزیراعظم رہنے والا بیٹوں کو برطانوی شہریت دلوائے تو اندازہ لگ جاتا ہے اسے پاکستان کتنا عزیز ہے۔