حیدرآباد، پولیس کی کارروائی، ایم کیو ایم لندن کے 3کارکن گرفتار

May 23, 2018

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ٹنڈو یوسف پولیس نے سنگین وارداتوں اور مبینہ طور پر ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ایم کیو ایم لندن گروپ کراچی کے تین کارکنوں کو گرفتار کرکے تین کلاشنکوف‘ ایک پستول اور چھ موبائل فون برآمد کرلئے ہیں‘ قاسم آباد پولیس نے 10 لاکھ روپے مالیت کا بوگس چیک دینے کے مقدمہ میں نامزد ایک ملزم کو کوٹری سے گرفتار کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایچ او ٹنڈو یوسف رانا پرویز اختر نے میڈیا کو بتایا کہ ٹنڈو یوسف پولیس نے خفیہ اطلاع پر حیدرآباد کا امن و امان خراب کرنے کی منصوبہ بندی کی اطلاع پر چھاپہ مارکر ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے تین ٹارگٹ کلرز اور سنگین وارداتوں میں ملوث سمیع الدین‘ شاہد اور مرزا علمدار بیگ کو گرفتار کرکے تین کلاشنکوف‘ ایک ٹی ٹی پستول‘ چھ موبائل فون برآمد کیے ہیں۔ ایس ایچ او ٹنڈو یوسف نے کہا کہ گرفتار ملزمان نے 13 سنگین وارداتوں کا انکشاف کیا ہے‘ گرفتار ملزمان حیدرآباد میں امن و امان خراب کرنے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔