عالمی بینک نے کشن گنگا ڈیم پر پاکستانی شکایت ناکافی قرار دیدی

May 23, 2018

عالمی بینک نے سندھ طاس معاہدے اور کشن گنگا ہائیڈرو منصوبے پر پاکستان کی شکایات کو ناکافی قرار دے دیا۔

بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدےکی خلاف ورزیوں پر اٹارنی جنرل اشتر اوصاف کی قیادت میں 4 رکنی وفد نے عالمی بینک کے صدر اور دیگر حکام سے ملاقات کی اور پاکستان کے تحفظات سےآگاہ کیا۔

پاکستانی وفد نے معاہدے کے ضامن کی حیثیت سے عالمی بینک سے کردار ادا کرنے کی درخواست بھی کی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بات چیت میں سندھ طاس معاہدے کے دائرے میں رہتے ہوئے مسئلے کے پُرامن حل کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا لیکن پاکستانی وفد سے ملاقات تنازع کے حل کیلئے کسی طریقہ کار پر اتفاق رائے کے بغیر ختم ہوگئی۔

عالمی بینک نے سندھ طاس معاہدے اور کشن گنگا ہائیڈرو منصوبے پر پاکستان کی شکایات کو ناکافی قرار دے دیا جبکہ عالمی بینک کا کہنا ہے کہ تنازعات اور اختلافات پر عالمی بینک کا کردار انتہائی محدود ہے۔