وفاقی ملازمین کیلئے تین ماہ کی بنیادی تنخواہ کے برابر اعزازیہ

May 25, 2018

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے وفاقی ملازمین کو تین ماہ کی بنیادی تنخواہ کے برابر اعزازیہ جاری کرنے کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔

وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کے دستخطوں سے جاری ہونے والے حکم نامےمیں کہا گیا ہے کہ یہ تنخواہ رواں مالی سال کے بجٹ سے ادا کی جائے گی، یہ اعزازیہ جاری کرنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ مستقبل میں اعزازیہ جاری کرنے کے لئے پالیسی اگلی حکومت بنائے گی، اس کے علاوہ بجٹ سازی کے کام میں حصہ لینے والے ملازمین کو پانچ ماہ کی بنیادی تنخواہ کے برابر اعزازیہ جاری کرنے کے احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں۔

ماضی میں یہ اعزازیہ چار ماہ کے لئے جاری کیا جاتا رہا ہے۔