آفس کی سجاوٹ ذہن پر اچھا اثر ڈالتی ہے

June 07, 2018

ڈیکوریشن ،باغبانی اور صفائی و ستھرائی کا ذکر آتے ہی گھر کا تصورذہن میں ابھرنے لگتا ہےکیونکہ گھر کو لے کر ہرکوئی مختلف قسم کے جذبات رکھتا ہے ۔گھرکی سجاوٹ ہو یاباغبانی کا شوق، ہم لاکھوں روپے خرچ کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتے ۔گھر وہ جگہ ہے جس میں ہم اپنی زندگی کا زیادہ سے زیادہ وقت گزارتے ہیں، یہاں پہنچ کر ہمیں سکون اور تحفظ کا احساس ہوتاہے۔

تاہم گھر کے علاوہ بھی ایک ایسی جگہ ہے جہاں ہم روزانہ اپنا دن کا بیشتر حصہ صرف کرتے ہیں، وہ جگہ بھی ہماری زندگی میں اہمیت کی حامل ہے ۔ جی ہاں! ہم آفس کی بات کررہے ہیں۔ جب آپ آفس میںاتنا وقت گزارتے ہیں تووہاں کی سجاوٹ بھی اتنی ہی ضروری ہے جتنی کہ گھر کی ۔ خوبصورتی سے سجا آفس آپ کی صلاحیتوںکو اُبھارتا ہے۔ جتنا نفیس آفس ہوگااتنا ہی آپ کو کام کرنے میں مزہ آئے گا۔ تو آئیے آج کچھ بات کرلیتے ہیںآفس کی سجاوٹ کے کچھ طریقوںپر ۔

آفس ٹیبل کا رنگ

عام طور پر زیادہ تر آفس میںکالی یابھورے رنگ کی ٹیبل ہوتی ہیں جو کہ ایک عام سےآفس کا پتا دیتی ہے۔ آفس میںکچھ نئے پن کے لیےبولڈ رنگوںکی ٹیبل منتخب کی جائیں تویہ آفس کو منفرد اوراچھا دکھانے میں بہتر کردار ادا کرسکتی ہیں۔ کچھ منفرد دیکھنے والے حضرات آفس ٹیبل کےلیےسفید، لال اور مہرون رنگ کاانتخاب کرسکتے ہیں ۔

صوفہ سیٹ

اگر آفس کا کمرہ بڑا ہے تو میزکی ایک جانب تھوڑے فاصلے پر صوفہ سیٹ رکھنا اچھا لگتا ہے۔ صوفہ سیٹ کا انتخاب کمرے کے رنگ کو مدِنظر رکھ کرکیجیے ۔ صوفہ سیٹ کے لیے کاؤچ یالیدر سے بنے صوفوں کا انتخاب بہترین ہے۔کاؤچ نہ ضرورت سے زیادہ وزنی ہوتے ہیں نہ ہلکے،اسی لیے آفس میں زیادہ استعمال کیے جاتے ہیں۔

شیلف

فائلوں کو منظم رکھنے اور آفس کو صاف ستھرا رکھنے کے لیےکمرے میں شیلف کا استعمال ضروری ہے۔یہ شیلف ٹیبل کے عقبی حصے پر بھی بنوائی جاسکتی ہےجو فائلوں کو منظم رکھنے کے ساتھ سلیقہ اور نفاست کا بھی واضح ثبوت پیش کرتی ہے۔

تصویریں لٹکائیں

آفس میں ٹیبل پر یادگاری تصویریں رکھنے کا رواج تو خاصا عام اور پرانا ہے ۔اب ٹیبل پرکوئی تصویر رکھیں یا نہ رکھیں یہ آپ کے اپنے اختیار میں ہےلیکن کچھ نیا کرنے کے لیےکسی بھی ڈیکوریشن وائر میں تصویریں لگائی جاسکتی ہیں۔ اس ڈیکوریشن وائر کوٹیبل کے اردگرد یا کمرے میں کہیں بھی لگایا جاسکتا ہے۔ اس خوبصورت تارمیں پسندیدہ مصنف ،شاعر یالکھاری کی تصویر لگا کر دفتر کو ایک نیا انداز دیا جاسکتا ہے۔اگر تصویریں نہیں تو اس تار کو ضروری نوٹس بورڈ کے طور پر بھی استعمال کیاجاسکتا ہے۔

باسکٹ کا استعمال

ٹیبل پر غیر ضروری چیزیں اور بکھری ہوئی فائلیں نامناسب لگتی ہیں۔ اس لیے کوشش کریں کہ ٹیبل کے اوپر صرف وہ چیزیں اور فائلیں رکھیں جو بے حد ضروری ہوں ۔غیر ضروری سامان کے لیے باسکٹ کااستعمال کریں، اس میں وہ فائل اور اشیاء رکھیں جو روزانہ استعمال میں نہ آتی ہوں۔

کچھ ہریالی بھی

اگرآپ پودے اور ہریالی کو پسند کرتے ہیں تو آفس میںچھوٹے گملے رکھنے کے لیے بازارمیں باآسانی مل جاتےہیں ۔ان گملوں میں ماحول کو تازہ اور خوشگوار بنانے والے پودوں کا استعمال کرسکتے ہیں ۔کچھ پودے ایسے بھی ہوتے ہیں جو ہوا کو تازہ اور موڈ کو خوشگوار کرنے میں مدد دیتے ہیں تو ہماری مانیے باغبانی کا شوق یہاں بھی ضرور پورا کریں ۔

لائٹنگ آئیڈیاز

کسی بھی ماحول یا ڈیزائننگ اور اسٹائلنگ میں کوئی عنصر اگر خاطر خواہ فرق ڈال سکتا ہے تو وہ روشنی ہے۔ آفس میں بھی لائٹنگ آئیڈیاز کے ذریعے ڈیکوریشن کرکےماحول میںباآسانی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔ ٹیبل کے لیے ہینگنگ لائٹس کا انتخاب کیجیے، یہ لائٹس کام کے دوران روشنی کا منبع اور آفس ڈیکوریشن میں خوب صورت تبدیلی کی آئینہ دار بھی ہوتی ہیں۔

سفید رنگ کا امتزاج

سفید رنگ پاکیزہ خیالات ،امن اور محبت کی علامت ہوتا ہے۔ آفس میںرنگ و روغن اور فرنیچر کے لیے سفیدرنگ کا امتزاج بہترین ہے ۔سفیدفرنیچر اور دیواروں پر کیا گیا سفید رنگ وروغن آپ کو پرسکون اور فطری ماحول فراہم کرنے میں مدددے گا ۔سفید رنگ سے متعلق عام خیال ہے کہ جو لوگ اس رنگ کو پسند کرتے ہیں ان کے مزاج میں دھیما پن ، بردباری ،صلح جوئی، امن پسندی اور دوسروں کے لیے ہمدردی و خیرخواہی پائی جاتی ہے۔