سپریم کورٹ، امیدواروں کو دیواروں پر تشہیری مہم سے روک دیا

June 14, 2018

لاہور(نمائندہ جنگ)چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے کہا ہے کہ عدلیہ اور الیکشن کمیشن پر عام انتخابات کی بڑی ذمہ داری رہ گئی ہے اللہ اس میں سرخرو کرے۔ امیدوار دیواروں پر پوسٹر نہ لگائیں،الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کروائے۔ چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں قائم 3 رکنی بینچ نے عام انتخابات میں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے حوالے سے عوامی ورکرز پارٹی کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل مرزا محمود احمد نے عدالت کو بتایا کہ 2012 ء میں عام انتحابات میں ضابطہ اخلاق میں ترمیم کرنے سے متعلق سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا تاہم عدالت عالیہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ضابطہ اخلاق میں ترمیم کرنے کا حکم دیا تھا ۔ وکیل نے نشاندہی کی کہ درخواست گزار کی تجاویز کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے الیکشن کمیشن نے ضابطہ اخلاق مکمل کر لیا ہے ۔