”طیفہ ان ٹربل “ کا ٹریلر لانچ تجسس میں مزید اضافہ

June 15, 2018

طیفہ نے عید سے قبل اپنے شائقین کو ایک بڑا سرپرائز دے دیا ۔ ”طیفہ ان ٹربل “ کا ٹریلر اور میوزک لانچ کردیا گیا لیکن فلم کے ٹریلر کو دیکھ کر تجسس کم ہونے کی بجائے اور بھی بڑھ گیا ہے کیونکہ کہانی کے اندر پوشیدہ سسپسنس ابھی تک برقرار ہے۔ علی ظفر اور مایا علی نے نیوپلیکس سینما میں جمعرات کی دوپہر میڈیا کے سامنے ٹریلر لانچ کیا تو پورا سینما ہال تالیوں، نعروں اور سیٹیوں سے گونج اُٹھا اور لوگوں نے ٹریلر ختم ہونے پر ونس مور کے نعرے لگائے۔ جس کے بعد ٹریلر دوبارہ چلایا گیا۔ علی ظفر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس فلم کے بارے میں کافی پر جوش ہیں اُن کا کہنا ہے کہ فلم شائقین کو ضرور پسند آئے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ مایا علی فلم انڈسٹری میں ایک نمایاں اضافہ ہیں، اُن میں بڑی صلاحیت ہیں وہ بڑی آگے جائیں گی۔ علی ظفر نے مزید کہا کہ پوری ٹیم نے جو بھی کاوش کی ہے، جو بھی کام کیا ہے وہ اس بات کو مدِ نظر رکھ کر کیا ہے کہ ہم انٹرنیشنل سطح پر ایک ایسی فلم کے ساتھ جائیں جو پاکستان کا نام روشن کرسکے۔ یہی وجہ ہے کہ ہر ایک نے بڑی محنت کی ہے اور یقیناً اُن کی محنت رنگ لائے گی۔ ندیم مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے روح رواں ندیم مانڈی والا نے کہا کہ علی ظفر کی یہ پہلی پاکستانی فلم ہے اور اس فلم سے لگتا ہے کہ وہ آگے بھی ایسے بہترین کارنامے سرانجام دیں گے۔ اُن کی فلم ہماری انڈسٹری کیلئے قابل فخر سرمایہ ہے ، مایا علی نے بتایا کہ وہ اپنی اس فلم کے بارے میں کافی پُر اُمید ہیں، لوگ میری اداکاری کو پسند کریں گے ، میری یہ پہلی فلم ہے جس میں علی ظفر کے ساتھ جاوید شیخ، محمود اسلم اور دیگر فنکار ہیں اور میں بہت پر اُمید ہوں کہ شائقین اس فلم کو دیکھنے کیلئے سینما ضرور آئیں گے۔ جاوید شیخ نے کہا کہ یہ علی ظفر اور احسن رحیم دونوں کی زبردست کاوش ہے اور میں بتا رہا ہوں کہ یہ فلم سپر ڈوپر ہٹ ہوگی۔ محمود اسلم نے کہا کہ فلم کے شائقین جو کچھ فلم میں دیکھنا چاہتے ہیں وہ اس فلم میں موجود ہے۔ میرے کہنے کا مقصد یہ ہے کہ اس فلم میں سارے مصالحے موجود ہیں جو آپ کو انٹرٹین کریں گے۔ فلم کا ٹریلر بیک وقت دُنیا بھر کی 1200 اسکرینز پر لانچ ہوگا ہے۔ فلم کی کاسٹ دیگر کاسٹ جن میں جاوید شیخ محمود اسلم، سیمی راحیل، اسما عباس، نیئر اعجاز، ڈائریکٹر احسن رحیم بھی تقریب میں موجود تھے۔ ٹریلر سے معلوم ہوا کہ طیفہ لاہور کا بڑا بدمعاش ہے لیکن وہ بہت بڑا دِل رکھتا ہے، کئی بالی ووڈ موویز میں کام کرنے والے علی ظفر کی یہ پہلی پاکستانی فلم ہے، ڈائریکٹر احسن رحیم نے فلم کو پوری ٹیم کی مجموعی کارکردگی قرار دیا۔ یہ کہا جائے کہ عید کے موقع پر طیفہ اِن ٹربل کے ٹریلر کی منہ دکھائی ہوئی تو بے جا نہ ہوگا۔ تقریب میں شریک سب لوگوں نے ٹریلر کو بے حد پسند کیا۔ واضح رہے کہ ٹریلر ”جیونیوز“ پر شب 9 بجے باقاعدہ لانچ کیا گیا۔ علی ظفر کے پروڈکشن ہاؤس لائٹ اینگل کی یہ فلم 20جولائی کو جیو فلمز اور مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ کے تعاون سے نمائش کیلئے پیش کی جائے گی۔