جموں کشمیر میں بھی عید الفطر نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

June 19, 2018

کراچی(جاوید رشید) جموں کشمیر میں بھی عید الفطر کی تقریب نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی اس سلسلے میں سب سے بڑا اجتماع تاریخی عید گاہ سرینگر میں منعقد ہوا جس میں ہزاروں فرزندان اسلام کے ساتھ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے بھی عید کی نماز ادا کی۔ واضح رہے گزشتہ آٹھ برسوں کے دوران یہ پہلا موقع تھا جب حریت چیئرمین میرواعظ کو مسلمانان کشمیر کے ساتھ نماز عید ادا کرنے کی اجازت دی گئی۔ عید گاہ میں عوام کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ نے شہیدوں کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے اسے ناقابل فراموش قرار دیا اور ان کے مقدس مشن کی آبیاری کا عہد دہرایا اور برسوں سے مختلف جیلوں اور عقوبت خانوں میں قید رکھے گئے سیاسی نظر بندوں کے عزم و استقامت کوسلام اور خراج تحسین پیش کیا ادھر جموں کشمیر محاذآزادی کے صدر محمد اقبال میر پیر کو ضلع صدر اسلام آباد منظور احمد بٹ ،فیاض احمد کے ہمر اہ براکپورہ اسلام آبا د شہید شیراز احمد کے گھر تعزیت کے لئے گئے وہاں موجود لوگوں سے محمد اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا شیراز احمد ایم ایس سی کا طالب علم تھا انہیں جس طریقے سے بھارتی فورسز نے ٹارگٹ فائر کرکے شہید کیا ہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ نام نہاد حکومت نے فورسز کو کشمیر میں نسل کُشی کرنے کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے ۔ سیکورٹی فورسز کو افسپا جیسے کالے قوانین کے تحت قتل ،ماردھاڑ،آتش زنی اور عزت ماب خواتین کو بے عزت کرنے کی کھلی چھوٹ ملی ہے انکو اس قانون کے تحت کوئی پوچھنے والا نہیں ہے دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین اور عوامی مجلس عمل کے سربراہ میرواعظ عمر فاروق کی ہدایت پر ایک اعلیٰ سطح وفد نے تنظیم کے جنرل سیکریٹری جی این زکی ، مولانا ایم ایس رحمٰن شمس ، محمد یوسف بٹ اور اشتیاق احمد پر مشتمل کریری پٹن جاکر سرکردہ اور معروف صحافی شہید ڈاکٹر سید شجاعت بخاری کی اجتماعی فاتحہ خوانی کی تقریب میں شرکت کی اور سوگوار کنبے ، بخاری خاندان خاص طور پر شہید کے بزرگ والد گرامی تک میرواعظ کا خصوصی تعزیت کا پیغام پہنچایا علاوہ ازیں سینئر حریت قائد، جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے چئیرمین ظفر اکبر بٹ نے جنوبی کشمیر میں فورسز کے طاقت کے بے تحاشا استعمال سے دو نوجوانوں کی شہادت پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے، انہوں نے فورسز کارروائی کی پر زور الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ عید الفطر کے مقدس و عظیم دن بھی کشمیری عوام کے دلوں کو بری طرح زخمی و مجروح کیا گیا۔