پاسپورٹ پر مسکراتی تصویر کے پیچھے کیا راز ہے؟

July 04, 2018

ایک حالیہ مطالعے میں پتہ چلا ہے کہ پاسپورٹ پر لگی آپ کی مسکراتی تصویر آپ کو شناختی دھوکا دہی سے بچا لیتی ہے۔

شناختی دھوکا دہی بہت سی سطحوں پر ایک حقیقی مسئلہ ہےجس کو مد نظر رکھتے ہوئے برطانوی ماہرین نے تصویر کے ذریعے لوگوں کی شناخت بہتر بنانے کے طریقوں کا مطالعہ کیا ہے۔

اس مطالعے سے پتہ چلتا ہے کہ بعض لوگوں کو چہروں کی شناخت میں مشکلات ہوتی ہیں جب ان کے چہرے پر کسی قسم کے تاثرات نہ ہوں اور چہرے کی شناخت اس وقت آسان ہو جاتی ہے جب تصویر مسکراہٹ کے ساتھ ہو۔

یہ مطالعہ تین مراحل پر مبنی تھا جس میں شرکاء کو کوئی بھی تاثر دیئے بغیر، دانت نکالے بغیر مسکرانے اور دانت نکال کر مسکرانے کو کہا گیا، اور پھر تینوں لحاظ سے موازنہ کیا گیا تو شناخت کا سب سے بہترین نتیجہ دانت نکال کر مسکرانے پرا خذ کیا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ بغیر کسی تاثر کے لی گئی تصویر کی جگہ اب کھل کر مسکرا کر لی گئی تصویر چہرے کی شناخت آسان بنا سکتی ہے۔