پشاور دھماکا، شہداء کی تعداد 22 ہوگئی

July 12, 2018

پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی انتخابی مہم کے دوران ہونے والے خودکش بم دھماکے کا ایک اور زخمی لیڈی ریڈنگ اسپتال میں دم توڑ گیا جس کے بعد اس سانحے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 22 ہو گئی۔

اسپتال حکام کے مطابق پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی جلسہ گاہ میں ہونے والے خودکش بم دھماکے کے 62 زخمی لیڈی ریڈنگ اسپتال جبکہ 14 زخمی خیبر ٹیچنگ اسپتال میں منتقل کیے گئے۔

مجموعی طور دونوں اسپتالوں میں 76 زخمی لائے گئے تھے،آج ایک اور زخمی کے دم توڑ جانے کے بعد دھماکے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔

اسپتال حکام کے مطابق لیڈی ریڈنگ اسپتال میں 7 زخمی جبکہ خیبر ٹیچنگ اسپتال میں 2 زخمی زیر علاج ہیں، باقی زخمیوں کو طبی امداد دینے کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران خودکش حملے میں ہارون بلور سمیت 20 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

خود کش حملے کا مقدمہ سی ٹی ڈی تھانے کے ایس ایچ او آغا میر جانی شاہ واجد علی کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

سی سی پی او پشاور قاضی جمیل کی جانب سے سانحے کے ذمے داروں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لیے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو 7 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔