لندن، نواز شریف اور مریم نواز پاکستان کیلئے روانہ

July 13, 2018

سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز ہیتھرو ایئرپورٹ سے پاکستان کیلئے روانہ ہو گئے۔

نواز شریف اور مریم نواز کے ساتھ مسلم لیگ نون کے کئی کارکن اور رہنما بھی پاکستان آ رہے ہیں۔

دوسری جانب ‏نوازشریف اور مریم نواز کی گرفتاری کیلئے نیب نے حکمت عملی تیار کرلی اور دو ہیلی کاپٹر لاہور ایئرپورٹ پر پہنچا دیے گئے ہیں۔

نیب حکام کے مطابق نیب کی 2 ٹیمیں لاہور ایئرپورٹ اور 2 ٹیمیں اسلام آباد ایئرپورٹ پر تعینات ہوں گی ، نوازشریف اور مریم نواز کو راول پنڈی اسلام آباد لایا جائے گا۔

نیب کا ہنگامی اجلاس طلب

چیئرمین نیب نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔

ذرائع کے مطابق چیرمین نیب جاوید اقبال نے نیب کا ہنگامی اجلاس آج طلب کر لیا ہے جس میں ایون فیلڈ کیس فیصلے میں عدالتی احکامات کا جائزہ لیا جائےگا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں نوازشریف اور مریم نواز کی گرفتاری سے متعلق حکمت عملی پرغورکیاجائےگا، چیرمین نیب ذاتی طور پر نوازشریف اور مریم نواز کی گرفتاری کے امور کا جائزہ لیں گے۔

’بچوں کو جیل بھیجا گیا تو ساتھ جاؤں گی‘

سابق وزیراعظم نواز شریف کی والدہ شمیم اختر کا کہنا ہے کہ اگر ان کے بچوں کو جیل بھیجا گیا تو وہ بھی ان کے ساتھ جیل جائیں گی۔

'اپنے ویڈیو بیان میں نواز شریف کی والدہ نے کہا کہ پاکستان کا بیٹا ،میرا بیٹا ہے جس نے اسے روشن بنایا، کل وہ واپس آرہا ہے تاکہ میں پھر سے اس کا ماتھا چوم سکوں۔

شمیم اختر نے کہا کہ میرے بیٹے نواز شریف، مریم و صفدر کے خلاف ناحق فیصلہ آیا، میں ان تینوں کو جیل جانے نہیں دوں گی، اگر جیل بھیجا گیا تو میں بھی ان کے ساتھ جاؤں گی۔

سابق وزیراعظم کی والدہ نے کہا کہ ان کا ایمان ہے یہ تینوں بے گناہ ہے اور اللہ تعالیٰ ان کی حفاظت کرے گا، ظالموں کو خدا کے خوف اوراس کی پکڑ سے ڈرنا چاہیے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.

نواز شریف کی والدہ کا مزید کہنا تھا کہ عدالت نے خود فیصلے میں لکھا کہ کرپشن ثابت نہیں ہوئی تو پھر میرے بچوں کو سزا کس بات کی دی جارہی ہے، صرف ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگانے اور ملک سے وفاداری کی سزا دی جارہی ہے۔

استقبال کے لئے ن لیگ کی حکمت عملی

مسلم لیگ نون نے بھی سابق وزیر اعظم نوازشریف کے استقبال کے لیے حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر ضلع سے مسلم لیگ ن کی ریلی لاہور پہنچے گی اور انتظامیہ کی جانب سے حائل رکاوٹوں کو ہٹا یا جائےگا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ رکاوٹیں ہٹانے کےلیے مسلم لیگ ن کی جانب سے کرینوں کا استعمال کیا جائے گاجبکہ لیگی قیادت کی جانب سے پرامن ریلیوں کو روکنے کی صورت میں کارکنان کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔

مسلم لیگ ن لاہور میں ایئرپورٹ لائونج تک پہنچنے کے لیے 300 رہنمائوں کے نام دے گی، ان رہنمائوں میں ن لیگ کے سابق ارکان پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلی شامل ہوں گے۔

ان پارٹی رہنمائوں کو لائونج تک رسائی دینے پر انتظامیہ کو بھرپور تعاون کی پیشکش کی جائے گی جبکہ پارٹی رہنماؤں کو لائونج تک رسائی نہ دینے پر تمام کارکنان کو لائونج تک لایا جائے گا۔

اسلام آباد ایئرپورٹ پر سیکورٹی انتظامات

نواز شریف اور مریم نواز کے طیارے کی اسلام آباد لینڈنگ کی صورت میں نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر غیر معمولی سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

ایئرلائینز کے آفس سمیت تمام دفاتر کو بند کروا دیا گیا،اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اے ایس ایف اہلکاروں کی تعداد میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے۔