کچھ لوگ چاہتے ہیں ملک میں فساد، عوام ووٹ نہ ڈال سکیں، عمران خان

July 15, 2018

صوابی+مردان(نما ئندگان جنگ )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف پاکستان ایسے آئے جیسے وہ کشمیر فتح کرکے آئے ہیں نواز شریف کا ائیر پورٹ میں استقبال کر نے والے لوگ گدھے تھےکیونکہ ان کو یہ پتہ نہیں کہ انہوں نے اس ملک کا پیسہ چوری کیا ہے،کچھ لوگ چاہتے ہیں ملک میں فساد ہو،عوام ووٹ نہ ڈالیں،شہباز شریف نے نواز شریف کو استقبال کے لئے لاکھوں افراد جمع کر نے اور نواز شریف کو واپس آنے کا کہہ کر ان کے ساتھ گیم کھیلا۔ کل کرپشن کے گاڈ فادر میاں نواز شریف کو گرفتار کر کےاڈیالہ جیل پہنچانے کے بعد پچیس جولائی کے بعد شہباز شریف بھی کرپشن کیسز کے شکنجے میں آکر بہت جلد اڈیالہ جیل پہنچے گا۔ہفتہ کی شام گوہاٹی گرائونڈ صوابی اور مردان میں جلسہ سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ آصف علی زر داری اور ان کی بہن فر یال تال پور کے خلاف بھی 35ارب روپے کے منی لانڈرنگ کیسز سامنے آگئے ہیں ۔ زرداری صاحب یہ بتائیں کہ ان کے پاس یہ پیسے کہاں سے آئے ؟انہوں نے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ صوابی ، ٹیکسلا اور دیگر مقامات پر سیکیورٹی کے پیش نظر جلسے منسوخ کئے جائیں لیکن میں دہشت گردی سے ڈرنے والا نہیں 23جولائی تک ملک بھر میں انتخابی جلسوں سے خطاب کر تا رہونگا۔انہوں نے کہا کہ زرداری کے دور میں سفارش سے نا اہل لوگوں کو اداروں میں بٹھایا گیا تھا جس کی وجہ سے یہ ادارے مفلوج اور کمزور کر دیئے گئے ۔گزشتہ دس برسوں میں کرپشن کی وجہ سے پاکستان کو مالی طور پر مفلوج کر دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ دس برسوں کے دوران ملک کا قرضہ چھ ہزار ارب سے ستائیس ہزار ارب روپے تک پہنچایا گیا اور یہ نقصان صرف ملک اور قوم کاہے۔ یہ پیسہ چوری کر کے ملک سے باہر لے جایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر بیٹھی بعض قوتیں حالات خراب کر کے الیکشن ملتوی کرنے کی سازش کر رہی ہے یہ سازشی عناصر ملک میں الیکشن نہیں چاہتے ہیں ۔