برج اسد (23جولائی تا 23اگست) بادشاہ، حاکم، محبت کرنے والا

July 22, 2018

علم نجوم میں دائرۃ البروج کے 120 سے 150 درجات پر مشتمل حصہ، برج اسد (Leo) کہلاتا ہے۔ فطری ترتیب کے لحاظ سے یہ پانچواں برج ہے۔ سورج تقریباً 23 جولائی سے 23 اگست تک اس برج میں گردش کرتا ہے۔ اسد، عربی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی ’شیر‘ہیں۔

شخصیت کا مختصر جائزہ

اسد افراد میں قوتِ ارادی تیزتر ہوتی ہے۔ یہ اپنی اہمیت قائم رکھنے کے خواہاں اور پیدائشی طور پر سیاسی رجحانات رکھنے والے ہوتے ہیں۔ بعض اوقات یہ دولت کے لا لچی اور مادیت پرست بن جاتے ہیں۔ اسد افراد، اقتدار کی اعلیٰ منزل تک پہنچنے کے خواہاں ہوتے ہیں اوراس وجہ سے دوستوں سے بھی محروم ہوجاتے ہیں۔ یہ سطحی اور کم مرتبہ چیزوں کو کبھی بھی پسند نہیں کرتے۔

اسد عورت

اسد عورت نسوانیت سے بھرپور مکمل عورت، نرم ونازک مگر پہاڑوں کی طرح مضبوط اعصاب کی مالک، اعلیٰ ذوق، خوش اخلاق ، خوش لباس، خوش گفتار، ہر ایک کو اپنا گرویدہ بنانے والی، اپنے خاندان کی عزت و شہرت کا پاس رکھنے والی، اپنی ہی دنیا میں مگن رہنے والی، رحمدل، فیاض، ملنسار، فرض شناسی کے جذبے سے سرشار، عقل و دانش کے ساتھ ہر کام کی نگرانی کرنے والی، غیر ضروری کام دوسروں کے سپرد کردینے والی، سہیلیوں کا انتخاب بے حد سوچ سمجھ کے کرنے والی اور ان کے ساتھ خلوص و ہمدردی سے پیش آنے والی،فطرتاً صاف گو، غصہ ور، انا کی مجروحیت میں غصے سے پھٹ پڑنے والی، بے پناہ فنی صلاحیتوں کی مالک، محبت کے معاملے میں گہرے جذبات کی حامل، شوہر کی وفادار، سماجی معاملات میں بے حد سرگرم، شوہر کے کاموں میں بڑی معاون اور مددگار، شوہروں کومفید مشورے اور تجاویز دینے والی، بڑی پُر کشش اور دل موہ لینے والی مسکراہٹ کی حامل، بناؤ سنگھار کا اعلیٰ ذوق رکھنے والی، اپنی پُروقار شخصیت کی بنا پر محفل پر چھا جانے والی، اپنے مقرر کردہ اصولوں کے تحت زندگی بسر کرنے والی، پُرعزم، پُر مختار، مضبوط قوتِ ارادی، فراخ دل،قابلِ اعتماد، اَنتھک محنت کرنے والی، دوسروں کو اپنے معاملات میں مداخلت کی اجازت نہ دینے کی قائل اور تخلیق کا بے پناہ جذبہ رکھنے والی ہوتی ہے۔

یہ ضدی یا ہٹ دھرم، اپنی بات پر اَڑ جانے والی، دلائل سے قائل نہ ہونے والی، اپنی ذات پر تنقید نہ سننے والی، بچوں کی پرورش کے معاملے میں سخت گیر، دوسروں کے کاموں میں بے شمار خامیاں نکالنے والی، موسیقی اور محبت بھری داستان سے گہرا لگاؤ رکھنے والی ،اپنے احکامات پر عملدرآمد کروانے والی اور حکم عدولی کی صورت میں بہت ظالم بن کر دوسروں کو نقصان پہچانے والی ہوتی ہے۔ اسد عورت اچھے بُرے کی پہچان سے عاری ہوتی ہے، اس وجہ سے اسے نقصان اُٹھانے کی عادت پڑجاتی ہے۔یہ انتہا پسند، لاپرواہ، مُنہ پَھٹ، کسی کی پرواہ نہ کرنے والی، ظاہری ٹھاٹھ باٹھ اور نمودونمائش کی بڑی دلدادہ اور اس پر بے دریغ خرچ کرنے والی اور بہت زیادہ خوشامد پسند ہوتی ہے۔

اسد مرد

اسد مرد شاندار طریقے سے محبت کرنے والے، بے حد تسکین بخشنے والے، تصوراتی، ہمیشہ بہتر سے بہترین کی تلاش میں مگن، اپنے اعتماد، توانائی اور کشش کی طاقت کے باعث دوسروں کو سحر زدہ کرنے والے، اپنے نظریات پسند کرنے والے، حسین بیوی کے خواہاں اور اپنی آزادی پر قدغن پسند نہ کرنے والے ہوتے ہیں۔ یہ خاصے نڈر، انفرادیت پسند اور اپنی عزت دوسروں سے کروانے کا ڈھنگ جاننے والے ہوتے ہیں۔ تخلیقی صلاحیتوں کے مالک، بااعتماد، دوستوں پر بھروسہ کرنے والے، کامیابی کے مواقع ضائع نہ کرنے والے، محنت ، جدوجہد اور لگن سے کام کرنے والے، سچے جذبوں کو پَرکھنے والے اور کاروبار میں کسی کی مداخلت پسند نہ کرنے والے ہوتے ہیں۔

اسد مردمقناطیسی شخصیت کے مالک، مثالی صحت کے حامل، صلح جو لیکن لڑائی کے لیے ہر وقت تیار رہنے والے ہوتے ہیں۔ یہ کافی حد تک عیاش، تفریح کی خاطر رومانس کرنے والے، ہنگامہ اور تفریح پسند، دل کی بات ماننے والے، بہت کچھ حاصل کرنے کی لالچ میں بہت کچھ کھو دینے والے اور ہر وقت کچھ نہ کچھ کرتے رہنے کے عادی ہوتے ہیں۔ برج اسد سے تعلق رکھنے والے مرد حضرات اپنی تعریف کروانے کے عادی ہوتے ہیں، ان میں تحکم کا عنصر بہت زیادہ پایا جاتا ہے اور تصوراتی مزاج کے مالک ہوتے ہیں۔ موقع پرستی اور مفادات کے لیے بدل جانے کی عادت بھی ان کی شخصیت میں شامل ہوتی ہے۔

اسد افراد کی صحت

برج اسد کا تعلق کمر کے اوپری حصہ، بازؤں کے اگلےحصہ، کلائی، ریڑھ کی ہڈی اور دل سے ہے۔

اسد افراد کو بہت سی بیماریوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے مثلاً کمر میں درد، پھیپھڑوں میں سوزش، ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف، عارضہ ء دل، بلند فشارِ خون، تیز بخار، یرقان اور نظر کی کمزوری وغیرہ۔

شوبزکی معروف اسد شخصیات

معروف پاکستانی اداکارہ اور فلم ’طیفا اِن ٹربل‘ کی ہیروئن مایا علی کی تاریخِ پیدائش 27جولائی ہے، اس طرح ان کا برج اسد ہے۔ اس کے علاوہ ہمایوں سعید کی تاریخِ پیدائش بھی 27 جولائی ہے۔اگر بالی ووڈ اسٹارز کی بات کریں تو سیف علی خان(اگست16)، کاجول (اگست5)، سنجے دت (جولائی 29)، ہما قریشی(جولائی 28)، سونو سود (جولائی 30)، رندیپ ہودا (اگست 20)اور جیکلین فرنینڈس (اگست 11) کا برج اسد ہے۔ ہالی ووڈ کے فنکاروں میں جینیفر لوپیز (اگست24)، جینیفر لارنس (اگست15)، ڈینیل ریڈکلف (اگست جولائی 23)، ساندرا بلوک (جولائی 26) اور ہیلی بیری (اگست14) کا تعلق برج اسد ہے۔