اُردو کا پہلا افسانہ نگار راشد الخیری

July 29, 2018

مصنّف:ڈاکٹر مرزا حامد بیگ

صفحات: 152، قیمت: 300روپے

ناشر:اورینٹ پبلشرز، فضل الٰہی مارکیٹ، چوک اُردو بازار، لاہور

پریم چند کو اُردو کا پہلا افسانہ نگار کہا جاتا ہے، مگر ڈاکٹر مرزا حامد بیگ کی تحقیق کے مطابق علّامہ راشد الخیری اُردو کے پہلے افسانہ نگار ہیں۔ جن کا افسانہ ’’نصیر اور خدیجہ‘‘ سر عبدالقادر شیخ کے جاری کردہ جریدے ’’مخزن‘‘ کے دسمبر1903ء کے شمارے میں شایع ہوا تھا۔ پریم چند کے جس افسانے’’دنیا کا سب سے اَن مول رتن‘‘ کو اُردو کا پہلا افسانہ شمار کیا جاتا رہا ہے، تاریخی لحاظ سے اُردو کے طبع زاد افسانوں میں اس کا گیارہواں نمبر ہے۔

زیرِ تبصرہ کتاب میں علّامہ راشد الخیری کے منتخب افسانوں کے علاوہ ان کی شخصیت اور افسانہ نگاری کے بارے میں تنقیدی جائزہ بھی شامل ہے۔ اس کتاب کا پہلا ایڈیشن1992ء میں شایع ہوا تھا۔ یہ دوسرا ایڈیشن ہے۔ اس میں علّامہ راشدالخیری کی مطبوعہ تحریروں کا تعارف بھی دیا گیا ہے اور ان پر تحریر کردہ مطبوعہ مضامین کی فہرست بھی ہے۔