آفریدی کی صاحبزادیوں کا عمران خان کے لیے خاص پیغام

July 24, 2018

انتخابات میں ایک روز باقی رہ گیا ہے اور ملک بھر میں انتخابی مہم زور و شور سے جاری ہے۔ عام انتخابات میں بڑوں کے ساتھ ساتھ چھوٹے بچے بھی انتہا درجے کی دلچسپی لیتے نظر آرہے ہیں۔ اسی حوالے سےسابق قومی کرکٹر شاہد خان آفریدی کی بیٹیوں نے بھی سوشل میڈیا پرویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

ٓاخبار ’خلیج ٹائمز‘ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی شاہد آفریدی نے دبئی سے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ان کی صاحبزادیاں عمران خان کو سپورٹ کرتی دکھائی دے رہی ہیں جبکہ ان کی اس ویڈیو کو بےحد پسند کیا جارہا ہے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق ویڈیو میں شاہدخان آفریدی کی چھوٹی بیٹی کا پر امید انداز میں کا کہنا ہے کہ ’پاکستان کو بدلے گا عمران خان، انشااللہ‘ جبکہ بڑی بیٹی عوام سے یہ اپیل کرتی نظر آرہی ہیں کہ ’آپ سب بھی عمران خان کو ووٹ دیں، تھینک یو۔‘

شاہد آفریدی کی صاحبزادیوں کی یہ ویڈیو دبئی میں ان کےاپارٹمنٹ کی بالکونی میں بنائی گئی ہے تاہم ذرائع کے مطابق آفریدی دبئی کے مہنگے ترین علاقے ’پالم جمیرا‘ میں مقیم ہیں۔

اس کے علاوہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کےدیگر سابق ستارے بھی عمران خان اور ان کی پارٹی ’پاکستان تحریک انصاف‘ کی حمایت کرتے نظر آرہے ہیں جن میں وسیم اکرم، وقار یونس وغیرہ شامل ہیں۔



وسیم اکرم نےعمران خان کے لیے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پرایک پیغام جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں 1992 میں پاکستان ورلڈ چیمپئن بنا تھا اور اب دوبارہ آپ کی ہی قیادت میں پاکستان ’’عظیم جمہوری ملک‘‘ بنے گا۔‘


صرف یہی نہیں بلکہ آسڑیلیا کے سابق کرکٹر ڈین جونز نے بھی عمران خان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پرایک پوسٹ شئیر کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ ’میں سیاسی شخص نہیں ہوں...عمران خان ایک بہترین لیڈر ثابت ہوں گے اور اگر ان کو موقع ملا تو پاکستان کے لیے اچھا کریں گے۔‘


کرکٹرز کے علاوہ لالی ووڈ فنکار وں کی اکثریت کو بھی عمران خان اور ان کا تبدیلی کا نعرہ ’نیا پاکستان‘ بھا گیا ہے جبکہ ان کی جانب سے اس بات کا بھی اعلان کیا گیا ہے کہ ہمارا ووٹ عمران خان کے لیے ہے ان میں ماہرہ خان، عروہ حسین، ماورہ حسین، فرحان سعید، بشری انصاری، جاوید شیخ، حمزہ علی عباسی، ہمایوں سعید، شہزاد رائے، مایا علی، علی ظفر، ساحر علی بگا، ابرارالحق، عابد علی، ایمان علی اور دیگر شامل ہیں۔