پاکستانی اچھے اخلاق کے ذریعے مغربی معاشرے میں اپنا مقام بنائیں، طاہرالقادری

August 06, 2018

منہاج القرآن کے سربراہ علامہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاہے کہ پاکستانی اپنے اچھے اخلاق اور کردار کے ذریعے مغربی معاشرے میں اپنا مقام بناسکتے ہیں۔

وہ ادارہ منہاج القرآن ناروے کے زیراہتمام اوسلو میں انسانی اخلاق اور روح کی ترقی کے موضوع پر خطاب کررہے تھے۔

اجتماع میں مختلف مکاتب فکر کے علماء، اکابرین اور زندگی کے دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

طاہرالقادری نے کہاکہ انسان کی روح ملکوتی نظام چاہتی ہے جبکہ نفس مادیت کا نظام چاہتا ہے۔ یہ دونوں کے مابین کشمکش ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ انسان کی آزمائش ہے جو اس جنگ میں جیت جائے، اس کے اخلاق حسنہ و اعلیٰ ہوجاتے ہیں اور وہ خلق عظیم کی منزل پر فائز ہوجاتاہے۔

نفس میں جھوٹ اور کنجوسی جبکہ روح میں سچائی اور سخاوت ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ روز محشر سب سے پہلے انسان کے اخلاق کو تولا جائے گا۔

قیامت کے روز وہ شخص پیغمبر اسلام ﷺ کے سب سے قریب ہوگا، جس کے اخلاق سب سے عمدہ ہوں گے۔ حتیٰ اخلاق کے بغیر علم بے کار ہے۔

انہوںنے کہا کہ طبیعت میں نرمی ہونی چاہیے۔ جو غصہ پی جاتا ہے، وہ عظیم منزل پر فائز ہوجاتاہے۔