پیش امام سمیت 100 لاپتا افراد کی بازیابی کیلئے آئی جی و دیگر کو نوٹس

August 17, 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے مسجد کے پیش امام سمیت 100 سے زائد لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ ڈی جی رینجرز سمیت دیگر کو نوٹس جاری کردئیے۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا شہری منیر اور مسجد کے پیش امام سمیت تین افراد کو نیو کراچی سےحراست میں لیا گیا جو اب تک لاپتا ہیں۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو مسجد کے پیش امام سمیت 100 سے زائد افراد کی بازیابی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو نے ریماکس دیئے لاپتا افراد کی جانوں کو خطرہ ہوسکتا ہے فوری طورپر بازیاب کرایا جائے۔ پولیس اور دیگر اداروں کی جانب سے لاپتا افراد کی بازیابی کیلئے سنجیدہ کوشش نہیں کی جارہی۔ عدالت نے پولیس کی جانب سے پیش رفت رپورٹ کو غیر تسلی بخش قرار دیدیا۔ عدالت نے طویل عرصے سے لاپتا افراد کی درخواستوں پر صوبائی ٹاسک فورس اور جے آئی ٹی سے فریش رپورٹ طلب کرلی۔ عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ، آئی جی سندھ ڈی جی رینجرز سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئےجواب طلب کرلیا۔