’’آج ایک نئی صبح کا آغاز ہوا‘‘

August 18, 2018

وزیراعظم کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے آئے سیاسی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آج ایک نئی صبح کاآغاز ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے کہ عمران خان پسے ہوئے طبقے کے مسائل حل کریں گے، وزیر اعظم میں صلاحیت بھی ہے اور کام کرنے کا ایجنڈا بھی۔

تقریب حلف برداری میں شرکت کے موقع پر تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمودقریشی کا کہناتھا کہ جس کی توقع نہیں تھی وہ آج حقیقت بنی گئی، عمران خان جمہوری طریقے سے آگے آئے ہیں۔

رہنما تحریک انصاف جہانگیر ترین نے کہا کہ آج جو خوشی ہے اسے بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں مل رہے، آج مشن مکمل ہو گیا، اب گھر پر بیٹھ کر آرام کروں گا۔

اسد عمر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کو سب سے زیادہ فکر محروم طبقات کی ہے، یہ بات آئندہ ہونے والے فیصلوں میں بھی نظر آئےگی ۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھاکہ پوری امید ہے کہ عمران خان ڈیلیور کریں گے، ان میں اہلیت بھی ہے اور صلاحیت بھی ہے۔