پاکستانی اسپتالوں میں افغان طالبان کو علاج کی سہولت نہیں دی گئی، دفتر خارجہ

August 19, 2018

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاکستان نے ایک بار پھراس الزام کی سختی سے تردید کی ہے کہ افغان طالبان کو پاکستان میں علاج کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایسے تمام بیانات کوگمراہ کن قرار دیتے ہوئے مستردکردیا ہے اورکہا ہے کہ افغانستان نے تاحال اپنے اس الزام کاکوئی ثبوت یا شواہد فراہم نہیں کئے ،اس طرح کے من گھڑت بیانات اور الزامات سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہوں گے۔ واضح رہےافغان صدر اشرف غنی نےگزشتہ روز الزام لگایا ہے کہ غزنی شہر میں جھڑپوں میں زخمی افغان طالبان کو پاکستانی اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اشرف غنی کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا غزنی کی جنگ میں زخمی طالبان جنگجوں کو پاکستانی اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات نہیں دی گئیں،سرکاری سطح پر دونوں ممالک کے درمیان رابطے منقطع ہیں جس کے باعث ان اطلاعات کو اہمیت نہیں دی جاسکتی، اس قسم کے من گھڑت بیانات اور الزامات محض منفی پروپیگنڈا ہیں، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات متاثر ہوں گے۔