کرۂ ارض کو تباہی اور بربادی سے بچانے کیلئے متحد ہونا ہوگا، مانچسٹر میں آدم ڈے کی تقریب سےمقررین کا خطاب

August 20, 2018

مانچسٹر (غلام مصطفیٰ مغل )تمام مذاہب میں امن و محبت کا پیغام دیا گیا،خالق کی نظر میںسب انسان برابر ہیں۔ ہمارا درجہ ہمارے تقویٰ سے طے کیا جاتا ہے ہمیں تحمل اور برداشت کا کلچر پیدا کرنا ہے۔ ہم سب آدم اور حوا کے بچے ہونے کے رشتہ سے ایک دوسرے کے بہن بھائی ہیں۔ ہم اب بھی انسانیت کے نام پر اکٹھے ہو سکتے ہیں۔ ہمیں کرہ ارض کو تباہی اور بربادی سے بچانے کے لئے متحد ہونا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار عظیمیہ فاونڈیشن برطانیہ کے زیر اہتمام مانچسٹر میں ’’آدم ڈے‘‘ منانے کی تقریب کے مقررین نے کیا۔ تقریب میں شیڈو وزیر برائے امیگرشن افضل خان، رکن یورپی پارلیمنٹ واجد خان ،میئر راچڈیل کونسلر زمان، میئر اولڈہم کونسلر جاوید بھٹی،کمیونٹی ویلفیئر اتاشی فضہ خان نیازی، قیصرہ علی، ڈاکٹر عمران علی بیگ، کونسلر یاسمین ڈار ،کونسلر نعیم الحسن کونسلر شوکت، نصراللہ مغل، عالیہ خان بشیر مرزا اور دیگر نے شرکت کی۔ شرکا کو کو خانوادہ سلسلہ عظیمیہ خواجہ شمس الدین عظیمی کا پاکستان سے خصوصی طور پر بھجوایا گیا ویڈیو خطاب بھی سنایا گیا۔ تقریب میں عماد الدین عظیمی نے تلاوت قران مجید کی سعادت حاصل کی جبکہ انیس فاطمہ عظیمی نے نبی کریم ﷺ کی بار گاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کیا، نوفل عباس عظیمی نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔نصراللہ مغل نے کہا کہ خواجہ شمس الدین عظیمی اس ماڈرن دور میں ہمارے خانقاہی نظام جو کہ بین المذاہب امن و آشتی کا مظہر تھا، کے سب سے بڑے داعی کے طور پر ابھر کے سامنے آئے ہیں، انہوں نے ہمیں آدم ڈے کا آئیڈیا دیا، اس دنیا میں ہم سب بہت مشکل حالات میں رہ رہے ہیں۔ ہر روز قتل و غارت، تشدد اور آفات کی خبریں سنتے اور دیکھتے ہیں۔ اللہ نے ہمیں محبت شفقت بھائی چارے کے لئے پیدا کیا۔ افضل خان نے کہا کہ امتیازی سلوک ہمیشہ ہوتا رہا اور اب بھی جاری ہے۔ انسانوں کو غلام بنانے کی تاریخ ہے جس کے خاتمے کے لئے خانہ جنگیں لڑی گئیں۔ خواتین کو ووٹ کے حق کےلئے جدوجہد کرنا پڑی۔ اب نسل پرستی جیسا عفریت سامنے ہے۔ رنگ و نسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے۔ غلامی مختلف شکل میں قائم ہے۔ نا انصافی اور امتیازی سلوک کے خاتمے کے لئے اکٹھا ہونا ہوگا۔ واجد خان نے کہا کہ سوا لاکھ انبیاؑ سمیت ہم سب جس کی اولاد ہیں، اس ہستی کا نام حضرت آدم علیہ السلام ہے۔انبیاءکرام اور صوفیائے عظام کی تعلیمات ہی انسانیت ہے۔ اسلام میں کسی کا دل دکھانے کی اجازت نہیں ہے۔ عالیہ خان نے کہا کہ ہر مذہب میں امن و محبت کا درس موجودہے۔ ہم آدم کی اولاد ہیں تو ہم بھی آدم ہی ہیں۔ ہمیں انسانیت کی اعلی اقدار کو فروغ دینا ہے۔اولیائے کرام کی رہنمائی میں صحیح سمت میں چلنا ہوگا۔ میئر راچڈیل کونسلر زمان نے کہا کہ آدم ڈے منانے کا مقصد اتحاد کو فروغ دینا ہے۔ تمام مذاہب کی تعلیمات ایک ہی ہے۔ پروگرام کے آخر میں اجتماعی دعا کرائی گئی۔