بکرا عید……

August 22, 2018

بڑے لوگ موٹا منگاتے ہیں بکرا

ہم اپنی جسامت کا لاتے ہیں بکرا

کبھی چند نوٹوں میں ملتا تھا، اب ہم

کریں خرچ گڈّی تو پاتے ہیں بکرا

عموماً ہمیں کھانی پڑتی ہے مُرغی

بڑی عید آئے تو کھاتے ہیں بکرا

ہمیں ہدیہ اُس کا لگے نامناسب

تو ہنس کر وہیں چھوڑ آتے ہیں بکرا

اُچھل کُود کرتے ہوئے لڑکے بالے

گلی میں گھماتے پھراتے ہیں بکرا

نہ مِل پائے چوروں کو کوئی سواری

تو بیچارے پیدل بھگاتے ہیں بکرا

شب و روز خود عیش کرتے ہیں لیڈر

ہمیں آئے دن وہ بناتے ہیں بکرا

کبھی خود بھی اے کاش اتنا سنورتے

شعورؔ آپ جتنا سَجاتے ہیں بکرا