’’سونم کپور‘‘ بالی ووڈ کی فیشن گرو

August 26, 2018

سونم کپور اپنی اداکاری سے بھلے کسی کا دل نہ جیت سکی ہوں لیکن اسٹائل اور فیشن سینس کے اچھے خاص گُر جاننے کے سبب وہ نہ صرف فیشن گرو کہلاتی ہیں بلکہ مختلف فیشن ٹپس کے ذریعے وہ سبھی کو اپنا گرویدہ بھی بناچکی ہیں۔ شادی کے بعد ان کے منگل سوتر پہننے کے انداز کوہی دیکھ لیجئے، شادی شدہ خواتین اسے گلے میںپہنتی ہیںتو سونم نے گردن کے بجائے کلائی میں ’منگل سوتر‘پہننے کا ایک نیا فیشن ایجاد کیا ہے، جس پر سوشل میڈیا پر کافی بحث ہوئی، کوئی ان کی حمایت میں بولتا نظر آیا تو کسی نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

گزشتہ دنوںجب سونم فلم ’’ویرے دی ویڈنگ‘‘ کی تشہیر میں مصروف تھیں تو فیشن میگزین ’’فیمینا‘‘ کے نئے شمارے کے سر ورق کی زینت بن گئیں۔ تصویر میں سونم کپور نے کالے رنگ کا لباس پہن رکھا ہے۔

جن دنوں کترینہ کیف اور اداکار رنبیر کپور اپنی فلم جگا جاسوس کی پروموشن میں بہت مصروف تھے تواس دوران ایک انٹرویو میں اداکار رنبیر سے جب کترینہ کے فیشن کے حوالے سے پوچھا گیا توان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت میں فیشن کی بات کی جائے تو دوسرے لوگ جو فیشن بعد میںاپناتے ہیں، سونم وہی فیشن3مہینے پہلے کرچکی ہوتی ہیں۔ اس لیے شاید سونم کے بجائے کترینہ کو فیشن آئیکون سمجھا جاتا ہے جبکہ کترینہ اس حوالے سے بہت زیادہ شرمیلی بھی ہیں۔ اس انٹریو کے دوران کترینہ کیف بھی وہیں موجود تھیں اورانہوں نے سونم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سونم کے فیشن کا سینس بہترین ہے، میں تو وہ پہنتی ہوں جو مجھے پسند ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق رنبیر کپورکی جانب سے کترینہ کیف کو بہترین فیشن آئیکون کہنے پراداکارہ سونم خاصی ناراض ہوگئی تھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں فیشن کے بارے میں کترینہ سے زیادہ علم ہے۔ سونم کپور نے مزید کہا کہ رنبیر کے اس طرح کے ریمارکس درا صل ان کی نئی آنے والی فلم جگا جاسوس کی پروموشن کا ایک طریقہ تھا۔

سونم ہر سال فرانس میں منعقد ہونے والے کانز فلم فیسٹول میں شرکت کرکے فیشن کے حوالے سے خوب داد حاصل کرتی ہیں جبکہ ریڈ کارپٹ پر بکھیرے گئے ان کے جلووں کی بازگشت ہالی ووڈ میڈیا میںبھی سنائی دی۔ اس حوالے سے جب انٹرویو کے دوران سونم کپورسے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ وہ صرف ریڈ کارپٹ پر واک کرتی ہیں اورکیمرے کے سامنے مسکراتی رہتی ہیں، خوبصورت لگنے میں ان کا کوئی ہاتھ نہیں بلکہ یہ سارا کمال فیشن ڈیزائنرز، میک اپ آرٹسٹ اورفوٹو گرافرزسمیت پوری ٹیم کا ہے۔سونم اب تک کئی فلموں جیسے دہلی6، بھاگ ملکھا بھاگ، نیرجا، رانجھنا ، پریم رتن دھن پایو، ویرے دی ویڈنگ میںاداکاری کے جلوے دکھاچکی ہیں۔ فلم ’’ خوبصورت ‘‘ میں انہوں نے پاکستانی اداکار فواد خان کے ساتھ کام کیا اور دونوں ہی بہت خوبصورت دکھائی دیے۔ حال ہی میںسنجے دت کی زندگی پر بننے والی سپر ہٹ فلم ــ’’ سنجو‘‘ میں سونم نے سنجے دت کی بیوی کا کردار ادا کیا ہے۔تیکھے نقوش، متناسب جسم اور لمبے قد کی وجہ سے فیشن کی دنیا اور سوشل میڈیا میںموضوع بحث رہنے والی سونم کپور کا ذکر اگرچہ بڑی اداکارائوںمیں نہیں ہوتا تاہم وہ پھر بھی سلمان خان سمیت بہت سے ہیروز کے ساتھ مرکزی کردار ادا کرچکی ہیں۔

بھارت کے دوسرے معروف ’’کپور‘‘ خاندان میںآنکھ کھولنے والی سونم کپور کا شوق ایک ڈائریکٹر اور رائٹر بننے کا تھا۔ اس شوق کی آبیار ی میںوہ سنگا پور یونیورسٹی میںتھیٹر اور آرٹس کی تعلیم بھی حاصل کرنے گئیں۔ اس وقت سنجےلیلا بھنسالی فلم ’’ بلیک ‘‘ بنارہے تھے۔ رانی مکھر جی کے کہنے پر سنجے نے سونم کو اسسٹنٹ ڈائریکٹر بنانے کی آفر کردی۔ اس طرح سونم کو ایک بڑے ڈائریکٹر کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ یہیں پر سنجے لیلا بھنسالی نے سونم کو فلم سانوریا میں کاسٹ کرنے فیصلہ کیا۔ رنبیر کپور کے ساتھ ان کی یہ پہلی فلم فلاپ ثابت ہوئی۔ سونم کپور فیشن کی دنیا میں بھی اچھی سے اچھی ماڈلز کو پیچھے چھوڑ چکی ہیں۔ روائتی ساڑھی ہو یا گھاگرا، مشرقی لباس ہو یاپھر مغربی، سونم ہر طرح کے لباس میں سب کی توجہ اپنی جانب متوجہ کرلیتی ہیں۔ بہت سی ادکارائیں سونم سے فیشن ٹپس لیتی ہیں۔ وہ ملکی اور غیر ملکی فیشن میگزین کے سرورق پر اکثر نمودار ہوتی رہتی ہیںجبکہ فیشن شوز میں’شو اسٹاپر‘ بھی بنتی ہیں۔