ہیلتھ کیئر کمیشن کی ملاکنڈ ڈویژن میں کارروائیوں کا آغاز

September 12, 2018

پشاور(جنرل رپورٹر) ہیلتھ کیئر کمیشن خیبرپختونخوا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سکوارڈن لیڈر (ر) آزر سردار نے کہا ہے کہ ہیلتھ کیئر کمیشن ملاکنڈ ڈویژن میں بھرپور طریقے سے اپنی کارروائیاں شروع کئے ہوئے ہے جس کیلئے سوات اور ملاکنڈ میں دو دفاتر قائم کئے گئے ہیں ‘ ان دفاتر میں ابتدائی طور پر انسپکٹر کا تقرر بھی عمل میں لایاگیا ہے انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ‘ ان کا کہنا تھا کہ آئینی ترمیم کے بعد سابقہ پاٹا ملاکنڈ ڈویژن میں ہیلتھ کیئر کمیشن کے دائرہ اختیار سے متعلق معاملہ حل ہو گیا ہے اور اب وہ خیبرپختونخوا کا حصہ ہے صوبائی حکومت نے پہلے ہی اس حوالے سے انہیں ضروری اقدامات کی ہدایت کی تھی اور حکومتی ہدایات ملنے کے بعد ہیلتھ کیئر کمیشن نے ملاکنڈ ڈویژن میں اپنے دفاتر قائم کئے ہیں جس کے بعد ہیلتھ کیئر کمیشن فاٹا میں بھی اپنے دفاتر قائم کرے گا تاکہ عوام کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت ان علاقوں میں ہیلتھ کیئر کمیشن کے دائر ہ اختیار سے متعلق کوئی رکاوٹ نہیں اور تمام امور انجام دئیے جا رہے ہیں ۔