ضمنی الیکشن‘ن لیگی امیدواروں نے انتخابی سرگرمیاں معطل کردیں

September 12, 2018

لاہور(نمائندہ جنگ) وفاقی دارالحکومت سمیت پنجاب کے قومی اور صوبائی اسمبلی کے 14اکتوبر کو ہونیوالےضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے لیگی امیدواروں نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی اطلاع ملتے ہی انتخابی سرگرمیاں معطل کر دیں ، پنجاب میں لاہور، اٹک، چکوال، گجرات، راولپنڈی اور اسلام آباد کے قومی اسمبلی کے 10حلقوں میں مسلم لیگ(ن) کے امیدوار ضمنی انتخاب کی انتخابی مہم چلا رہے تھے۔ گزشتہ روز لاہور کے قومی اسمبلی کے 2حلقےاین اے124، این اے131 اور 2صوبائی حلقوں پی پی 164 اور پی پی 165 پر مسلم لیگی امیدوار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق کی انتخابی مہم جاری تھی، مسلم لیگ(ن) کے حمزہ شہباز شریف، پرویز ملک، میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی این اے124 کی انتخابی مہم میں مختلف مقامات پر کارنر میٹنگ کے پروگرام تھے جبکہ این اے131 سے خواجہ سعد رفیق اپنے رفقاء کے ساتھ بڑے مؤثر طریقے سے انتخابی مہم میں مصروف تھے جبکہ میاں شہباز شریف کی خالی کردہ2صوبائی نشستوں پر رانا مبشر اقبال ایم این اے دیگرساتھیوں کے ہمراہ مسلم لیگی انتخابی مہم چلانے میں دن رات ایک ہوئے تھے کہ بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی خبر ملتے ہی انتخابی مہم مؤخر کر کے ماڈل ٹاؤن اور جاتی عمرہ پہنچ گئے، انہوں نے میاں شہباز شریف، حمزہ شہباز، سلمان شہباز اور شریف فیملی کے دیگر افراد کے ساتھ اظہار افسوس کیا، بیگم کلثوم نواز کی تدفین تک انتخابی مہم کے طے شدہ پروگرام مؤخر کردیئے گئے، اب از سر نو انتخابی مہم کا شیڈول جاری کیا جائیگا۔