کلثوم نواز کا انتقال، ریفرنسز کی کارروائی بغیر سماعت ملتوی

September 12, 2018

احتساب عدالت میں العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے کل تک کیلئے ملتوی کردی گئی، جج محمد ارشد ملک نے ریمارکس دیئے کہ کلثوم نواز قومی شخصیت تھیں، آج کارروائی مناسب نہیں۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسزپر احتساب عدالت نمبر 2 کے جج محمد ارشد ملک نے کیس کی سماعت کی۔

خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ اہلیہ کے انتقال کے باعث نوازشریف کو پرول پر رہائی کے بعد لاہور لے جایا گیا ہے، غیر حاضری میں عدالتی کارروائی سے متعلق نواز شریف سے رابطہ کر کے وہ عدالت کو کل آگاہ کریں گے۔

اس موقع پر احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ 'جیل سے روبکار آئے تو پتہ چلے کہ اس میں کیا لکھا ہے، ساتھ ہی انہوں نے ریمارکس دیئے کہ 'کلثوم نواز قومی شخصیت تھیں، آج کارروائی چلانا مناسب نہیں۔

واضح رہے کہ کینسر کے مرض میں مبتلا بیگم کلثوم نواز طویل علالت کے بعد گزشتہ روز لندن کے اسپتال میں انتقال کر گئی تھیں۔