’’گاڑیوں کی نیلامی تین مراحل میں کی جارہی ہے‘‘

September 17, 2018

ایڈمنسٹریٹر وزیراعظم ہاؤس محمد آصف کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ہائوس کی گاریوں کی نیلامی تین مراحل میں کی جارہی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کے ایڈمنسٹریٹرمحمد آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تین مراحل پر مشتمل گاڑیوں کی نیلامی کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 34 لوکل گاڑیوں کی نیلامی کر دی گئی ہے۔

محمد آصف نے کہا کہ دوسرےمرحلےمیں16 درآمدی گاڑیاں ہیں جن کی نیلامی نہیں ہوسکی جبکہ مرسڈیزبینز اور5 ہزار سی سی کی 2بی ایم ڈبلیوجیپ کی نیلامی بھی ابھی نہیں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیلام نہ ہونےوالی گاڑیوں کے ٹیکس، ڈیوٹیز کا ازسر نو جائزہ لیاجائے گا۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا کہ ٹیکس، ڈیوٹی زیادہ ہونےکےباعث ابھی تک آکشن نہیں ہوئی۔

دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ نیلامی میں اب تک 70 سے زائد گاڑیاں فروخت ہوگئی ہیں۔

واضح رہےمجموعی طور پر وزیراعظم ہاؤس کے لیے کابینہ ڈویژن کے پاس 200 سے زائد گاڑیاں ہیں، جن میں سے 102 گاڑیاں پہلے مرحلے میں اور باقی آئندہ نیلام کی جائیں گی۔

نیلامی کے لیے پیش کی گئی گاڑیوں میں سے 72 گاڑیاں 10 سال سے بھی پرانے ماڈل کی ہیں، ایک جیپ 32 سال پرانی ہے جبکہ کئی تو بالکل کھٹارا ہیں۔