آرٹیکل 6 پر بات مشرف سے متعلق ہورہی ہوگی، بلاول بھٹو

September 18, 2018

لاہور (مانیٹرنگ سیل) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ڈیمز کی مخالفت پر آرٹیکل 6 لگانے کی بات کی جا رہی ہے، آرٹیکل 6 کی بات ہورہی ہے تو سب سے پہلے مشرف کیس کی بات ہونی چاہئے۔کالا باغ ڈیم پر تین صوبوں اور لوگوں کے بہت اعتراضات ہیں، انتخابات میں دھاندلی پر پارلیمانی کمیشن آج نہ بنا تو احتجاج کریں گے،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کالا باغ ڈیم پر صوبوں اور بہت سے لوگوں کو اعتراضات ہیں۔بلاول بھٹو زرداری نے صدر کے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔انہوں نے کہا کہ صدر کے خطاب میں انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے مطالبے کا ذکر نہیں کیا گیا،حکومت نے پارلیمانی کمیشن نہ بنایا تو اپوزیشن کی متفقہ حکمت عملی پرغور ہوسکتا ہے۔بلاول بھٹو نے حکومت کوانتخابات میں دھاندلی پرکمیشن بنانے کیلئے آج تک کی ڈیڈلائن دے دی اور کہا کہ آج تک دھاندلی پر پارلیمانی کمیشن نہ بنا تو پیپلز پارٹی احتجاج کرے گی۔ علاوہ ازیں میاں نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے صحافی کے سوال کے جواب میں بلاول نے کہا کہ ʼمیں جنازوں پر سیاست نہیں کرتا، جب تعزیت کے لئے جاتا ہوں تو صرف تعزیت کرتا ہوں۔