پنجاب اسمبلی کا پہلا ورکنگ اجلاس عاشورہ کے بعد منعقد ہونے کا امکان

September 18, 2018

لاہور (نمائندہ خصوصی) پنجاب اسمبلی کا پہلا ورکنگ اجلاس عاشورہ محرم کے بعد 26 ستمبر کو منعقد ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ قانون نے اجلاس کی سمری وزیر اعلیٰ کو ارسال کر دی ہے جس کی منظوری کے بعد گورنر پنجاب اجلاس طلب کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرینگے۔ اجلاس کی صدارت سپیکر چوہدری پرویز الہٰی کرینگے۔ قائد ایوان سردار عثمان بزدار اور قائد حزب اختلاف میاں حمزہ شہباز کی بھی اجلاس میں شرکت کے امکانات ہیں۔ اجلاس کے ایجنڈے اور انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ گزشتہ روز سیکرٹری اسمبلی محمد خاں بھٹی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے سکیورٹی انتظامات اور نئی عمارت کے تعمیراتی منصوبے کو جلد مکمل کر نے اور فنڈز کی فراہمی سمیت دیگر امور زیر غور آئے۔