کراچی، قسطوں پر موٹر سائیکل کی فراڈ کمپنی کا ایم ڈی گرفتار

September 18, 2018

کراچی میںشاہ فیصل کالونی پولیس نے شہریوں کو قسطوں پر موٹرسائیکل دینے کا وعدہ کرکے فرار ہونے والی فراڈ کمپنی کے ایم ڈی کو گرفتار کر لیا۔

شاہ فیصل کالونی پولیس نے شہریوں سے کروڑوں روپے بٹورنے والی ایم این ایم نامی کمپنی کے ایم ڈی کو گرفتار کرلیا۔

جعلی کمپنی اقساط پر شہریوں سے 25سوروپے لے کر اگلے مہینے موٹر سائیکل دینے کا وعدہ کرتی تھی، کچھ عرصہ کاروبار چلانے کے بعد ملک بھر میں ایم این ایم نامی کمپنی بند کردی گئی تھی۔

محرم الحرام کے جلوسوں کی گزرگاہ پر سرچ آپریشن

8،9 اور 10 محرم الحرام کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے پیش نظر جلوس کی گزرگاہ پر سرچ آپریشن کیا گیا جبکہ پاک کالونی سے پولیس نے متعدد قتل کی وارداتوں میں ملوث ملزم کو اسلحے سمیت گرفتار کرلیا۔

8،9،اور 10 محرم الحرام کے جلوسوں کی سیکیورٹی کے پیش نظر جلوسوں کی گزرگاہ صدر اور پریڈی اسٹریٹ میں سرچ آپریشن کیا گیا جس کے دوران ہوٹلوں، سرائے خانوں اور فلیٹوں کی سر چنگ کی گئی۔

آپریشن کے دوران مشکوک افراد کے شناختی کوائف کی تصدیق کی گئی تاہم کسی قسم کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

پاک کالونی سے قتل کی وارداتوں کا ملزم گرفتار

پاک کالونی میں پولیس نے کارروائی کی اور سیاسی جماعت کے سابق کارکن اور متعددقتل کی وارداتوں میں ملوث ملزم زکریا کو گرفتار کرلیا، ملزم کے قبضے سے ڈیڑھ کلو چرس اور اسلحہ ملا ہے۔